سری نگر//سیکرٹری سیاحت محکمہ سرمد حفیظ نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ کی طبعی اور مالی پیش رفت اور مالی برس 2022-23ء کے نظر ثانی شدہ بجٹ تخمینوں کی تیاری کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی منگا شیر پا ، ناظم سیاحت جموں ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مبارک منڈی ، سیکرٹری رائیل سپرنگس گالف کورس، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی ، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ سیاحت، جموںوکشمیر کے تمام ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَتھارٹیز ( ٹی ڈی اے) کے چیف ایگزیکٹیو اَفسران ، محکمہ سیاحت کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔سیکرٹری موصوف نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے تمام ایجنسیوں کے اَفسران پر زور دیاکہ مختص فنڈس کو اس کی بہترین سطح پر استعمال کیا جائے اور فنڈس کے اِستعمال کی باقاعدہ رِپورٹ پیش کی جائے ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ نظر ثانی شدہ تخمینہ لائن ایجنسیوں کی مشاورت سے تیار کیا جائے۔سرمد حفیظ نے محکمہ اثاثوں کے مؤثر اِستعمال کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ محکمے کے اثاثوں کو اس کی بھرپور صلاحیتوں سے اِستفادہ کرنے اور اثاثوں کی ریکھ ریکھ بھی بروقت کی جائے ۔ اُنہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ اِنسانی وسائل کی کمی والے اثاثوں کا اِنتظام کرنے کے لئے اَفرادی قوت کو بھی آئوٹ سورس کیا جانا چاہیے۔سیکرٹری موصوف نے اَفسران سے کہاکہ خواہشمند نوجوانوں کو ہوم سٹے کلسٹروں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لئے سہولیت فراہم کی جائے تاکہ وہ خود روزگار کے قابل بن سکیں۔ اُنہوں نے محکمہ سیاحت سے کہا کہ وہ ہوم سٹے سکیم کے تحت نوجوانوں کی رجسٹریشن کے لئے کیمپ منعقد کرے کیوں کہ اس سے ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اُنہوں نے سیاحتی مقامات پر سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ سیاحتی مقامات پر ہر قسم کی جدید سہولیات قائم کریں اور جموںوکشمیر کے گالف کورسوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق برقرار رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑی ان مقامات پر کھیلنے کی طرف راغب ہوں۔ سرمد حفیظ نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مبارک منڈی سے کہا کہ ثقافتی اہمیت کی تقریبات اور ہیرٹیج کی عمارت میں ہیرٹیج واک کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اِس جگہ کی ثقافت اور اَقدار سے آگاہ کیا جاسکے۔دورانِ میٹنگ سیکرٹری نے ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَتھارٹیز کے سی اِی اوز پر بھی زور دیا کہ وہ اَپنے نظر ثانی شدہ بجٹ تخمینوں میں ایمرجنسی سٹیبلائزیشن کے جزو کو مد نظر رکھیں تاکہ خراب موسم کے پیش نظر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔میٹنگ میں ہر ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَتھارٹیز کے سی اِی اوز اور دیگر ایجنسیوں کے اَفسران نے اَپنی ایجنسیوں کے کام اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی رِپورٹ پیش کی۔










