کمشنر سیکرٹری ریونیو نے کشتواڑ کا دورہ کیا ، محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لیا

جمع بندی ڈیجٹائیزیشن مراکز کا بھی معائنہ کیا ، مقررہ وقت میں زمینی ریکارڈ کی ڈیجٹائیزیشن پر زور دیا

کشتواڑ//کمشنر سیکرٹری ریونیو وجے کمار بدھوری نے آج کشتواڑ ضلع کا دورہ کیا ور یہاں محکمہ ریونیو کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے متعلقہ افسران کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ڈی سی کشتواڑ ، اے ڈی سی ، ایس ڈی ایم چھاترو ، ایس ڈی ایم پاڈر ، ایس ڈی ایم مڑھوہ ، تحصیلدار ، نائب تحصیلدار ، پٹواری اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں جمع بندیوں کی تحریری حیثیت اور ڈیجٹلائیزیشن ، زمین کے استعمال میں تبدیلی ، ریاستی اور کچہری اراضی کی بازیافت ، پٹوار خانوں کے کام کرنے کے علاوہ ریونیو سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے حکومت کی ترجیحات جیسے کہ جمع بندیوں کو ڈیجٹائیز کرنا ، مختلف ریونیو خدمات کی آن لائن فراہمی اور محکمہ میں شفافیت اور جوابدہی لانے کیلئے حکومت کی جانب سے حال ہی میں شروع کئے گئے دیگر عوام دوست اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے لینڈ ریکارڈ کی بروقت ڈیجٹلائیزیشن پر بھی زور دیا اور اس سلسلے میں اضافی افرادی قوت کو تعینات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے دستی شکل میں فراہم کی جانے والی تمام خدمات کو ویب پر مبنی پورٹل پر منتقل کر دیا جائے گا تا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو شفافیت اور سہولت فراہم کی جا سکے ۔ جمع بندیوں کی تحریر کا درجہ مانگتے ہوئے میٹنگ کو بتایا گیا کہ 156 دیہات میں سے 155 دیہاتوں کیلئے جمع بندیاں لکھی جا چکی ہیں ۔ اب تک حاصل کی گئی سرکاری اراضی کی صورتحال کا جائیزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 36457 کنال اور 12 مرلہ سرکاری اراضی واگذار کرائی جا چکی ہے ۔ اسی طرح کمشنر سیکرٹری کو بھی حاصل شدہ کچہری اراضی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ بعد ازاں کمشنر سیکرٹری نے مختلف جمع بندی ڈیجٹائیزیشن مراکز کا معائینہ کیا ، ریونیو فیلڈ کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور زمین کے ریکارڈ کو مقررہ وقت میں ڈیجٹائیز کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے تحصیل آفس کشتواڑ کا بھی دورہ کیا اور دفتری کام کاج کا جائیزہ لیا ۔