تلنگانہ بھر میں پھر سے اسکول کھول دیئے گئے

تلنگانہ بھر میں پھر سے اسکول کھول دیئے گئے

حیدرآباد//تلنگانہ بھر میں آج سے دوبارہ اسکول کھول دیئے گئے ہیں، جو 8 جنوری سے بند کر دیئے گئے تھے۔ کووڈ کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کرتے ہوئے سبھی اسکولوں کو کھولا گیا ہے۔ کئی اسکولوں میں اساتذہ نے طلبہ کا استقبال کیا۔ اسکولوں میں کووڈ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کلاسس میں جسمانی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنایاگیا۔ بعض اسکولوں میں پیرنٹس ٹیچرس میٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
طلبہ کی طویل قطاریں اسکولوں میں دیکھی گئیں جن میں تعلیم کے تئیں جوش وخروش دیکھا گیا۔ کئی طلبہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ گھل مل گئے۔ ایسے طلبہ جو ورچول کلاسس کو جاری رکھنا چاہتے تھے ان کے لئے اسکولوں کی جانب سے ورچول کلاسس کا اہتمام کیا گیا۔ بعض اسکول آن لائن کلاسس کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے کہا کہ پہلے سے زیادہ احتیاط اور چوکسی کی ضرورت ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ اسکولس میں صبح میں کووڈ کے اصولوں پر عمل کے سلسلہ میں طلبہ کو مشورے دیئے جائیں۔ دوپہر کے کھانے کے موقع پر سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ تمام ڈی ای اوز اور صدور مدارس کو اس سلسلہ میں تال میل پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کے اصولوں پر عمل کو یقینی بنانے کے لئے طلبہ میں بیداری کی ضرورت ہے۔ جس بھروسہ سے والدین نے اپنے بچوں کو اسکولس کو بھیجا ہے، اس بھروسہ پر پورا اترنے کی ضرورت ہے۔