جموں و کشمیر میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان
سرینگر/ / جموں و کشمیر میں آئندہ چند روز کے دوران مجموعی طور پر گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم مختلف مقامات پر مختصر مدت کیلئے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اگست سے 28 اگست تک جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں مختصر مدت کیلئے بارش یا گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ یہ سرگرمیاں خاص طور پر صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 29 سے 31 اگست کے دوران جموں و کشمیر میں بعض سے متعدد مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ صبح اور دوپہر کے اوقات میں بعض علاقوں میں مختصر مدت کیلئے تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔پیش گوئی کے مطابق یکم اور 2 ستمبر کو بھی موسم کی صورتحال میں زیادہ تبدیلی کا امکان نہیں اور مختلف مقامات پر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔3 سے 5 ستمبر کے دوران جموں و کشمیر میں چند ایک مقامات پر مختصر مدت کیلئے بارش یا گرج چمک کی سرگرمی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں مختصر مدت کے دوران ہونے والی تیز اور شدید بارش اچانک سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتی ہے۔ خاص طور پر پہاڑی اور حساس علاقوں میں لوگوں کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے اور ضروری احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ نے کسانوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔










