بیروت/ایجنسیز//بیروت کے مشرق میں سرنگ ملنے سے پیدا ہونے والی ہلچل کے بعد لبنانی فوج نے لبنانی دارالحکومت کے شمال میں ایک نئی سرنگ ملنے کا اعلان کردیا۔ فوج نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ اس نے جبل لبنان گورنری سے منسلک العاقورہ۔ جبیل کے علاقہ میں ایک غیر مکمل اور پرانی سرنگ دریافت کر لی۔ایک عسکری یونٹ اپنے سیکٹر کے اندر تربیتی مشقیں کر رہا تھا۔ لبنانی فوج نے یہ بھی کہا کہ ایک متخصص عسکری یونٹ نے موقع پر پہنچ کر سرنگ کا معائنہ کیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ پرانی سرنگ ہے اور کسی بھی طرح کے آلات یا چیزوں سے خالی ہے۔ اس بات کی تصدیق کی گئی کہ فوج اس سرنگ کی کھدائی کے حقائق کو بے نقاب کرنے کیلئے معاملے کی پیروی کر رہی ہے۔ دوسری جانب لبنانی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے سرحد کے قریب اکروم کے علاقہ عکار میں شامی علاقوں سے لبنانی علاقوں کی طرف ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی کارروائی کو ناکام بنا دیا۔ اس نے عکار کے علاقہ الرویمہ میں ایک مطلوب شخص اور بعلبک کے قصبے عرسال میں ایک اور شخص کی گرفتاری کا بھی بتایا جو اسمگلنگ کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ وزیراعظم نواف سلام نے کابینہ کے اجلاس کے دوران اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ہتھیار منتقل یا ذخیرہ کرنے والے اور شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے کو سخت ترین سزا دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر اس شخص کا تعاقب کرنا ضروری ہے جو غیر قانونی طریقے سے اور ریاست کے دائرہ کار سے باہر ہتھیار ذخیرہ اور منتقل کرتا ہے۔ ’’ لبنانی فورسز پارٹی کے وزراء نے ضہر البیدر اور القصیر کے علاقوں میں ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد کے کیس کو عدلیہ کونسل کے پاس نہ بھیجنے کے احتجاج میں لبنانی کابینہ کے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔










