واشنگٹن /ایجنسیز//امریکہ بہت جلد ایران کا کام تمام کردے گا، یہ بات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہی جس سے یہ عندیہ ملتا ہیکہ شاید تنازعہ اپنے اختتام کے قریب ہے۔آئیووا میں ایک ریلی کے دوران اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم بہت جلد ایران کا کام تمام کر دیں گے، کسی نہ کسی طریقے سے۔ میرے لئے یہ بات تقریباً غیر اہم ہیکہ یہ کیسے ہو گا۔ٹرمپ نے یہ تبصرہ تیل اور پٹرول کی قیمتوں پر گفتگو کے دوران کیا جو اس تنازعہے کے باعث بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت جلد ہو گا اور پھر پٹرول اور تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔ٹرمپ انتظامیہ کو اس وقت روزمرہ اخراجات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے جبکہ توانائی کی بلند قیمتوں نے مہنگائی سے متعلق خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ٹرمپ نے بارہا یہ وعدہ کیا ہیکہ ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے کے بعد تیل اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی آئے گی تاہم یہ ہنوز واضح نہیں ہیکہ یہ تنازعہ کب ختم ہوگا۔ دوسری طرف ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا ہیکہ وہ امریکہ میں مڈ ٹرم الیکشن سے قبل تیل کی قیمتیں بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تہران اس مقصد کے حصول کیلئے آبنائے ہرمز میں حملوں اور بارودی سرنگوں کی من گھڑت کہانیاں گھڑ رہا ہے۔ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تیل کی مقدار تصادم کے آغاز سے پہلے کی درج شدہ سطح سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے ایران پر امریکی انتخابات سے قبل توانائی کی قیمتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کا الزام لگایا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی حکام مظاہرین اور دیگر افراد کو قتل کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایرانی نظام کو حقیقی بدطینت قرار دیتے ہوئے امریکی عوام اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس کے اقدامات کے شدید خطرہ کو سمجھیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں سات ماہ سے بھی کم عرصے میں 75 ہزار مظاہرین جاں بحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر بین الاقوامی برادری اور امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کی عدم توجہی پر اپنی حیرت کا اظہار کیا۔امریکی صدر نے ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہونے کی مخالفت کو دہراتے ہوئے کہا کہ تہران کے پاس کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں ہوگا۔ ٹرمپ نے ایرانی رجیم پر 75 ہزار مظاہرین کو قتل کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دنیا اور امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کی اس معاملے پر عدم توجہی پر حیرت کا اظہار کیا۔ سال 2026ء کے امریکی مڈ ٹرم انتخابات صدر ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے ایک اہم سیاسی مرحلہ ہیں کیونکہ یہ انتخابات طے کریں گے کہ آیا ریپبلکن پارٹی کانگریس میں اپنی اکثریت برقرار رکھے گی یا ڈیموکریٹک پارٹی اس کے ایک یا دونوں ایوانوں کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی جس سے امریکی انتظامیہ کی داخلی و خارجی پالیسیوں کو منظوری دلانے کی صلاحیت متاثر ہوگی۔










