پٹیشن کمیٹی نے اشیائے خورد نوش میں ملاوٹ کا جائزہ لیا

پٹیشن کمیٹی نے اشیائے خورد نوش میں ملاوٹ کا جائزہ لیا

سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پٹیشن کمیٹی نے اسمبلی سیکرٹریٹ سری نگر میں پیرزادہ فاروق احمد شاہ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں جموں و کشمیر میں ضروری اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ اور سری نگر کی تحصیل حضرت بل کے علاقے کھمبر میں سرکاری اَراضی کی غیر قانونی تقسیم پر غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میں اراکین اسمبلی میر محمد فیاض، جاوید ریاض (بیدار) اور ڈاکٹر سجاد شفیع نے شرکت کی۔چیئرمین پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے کہا کہ ضروری اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ شہریوں کی روزمرہ کیا زِندگی سے منسلک صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ اُنہوں نے محکمہ کو زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رکھنے، اِنسپکشن کو بڑھانے، بروقت جانچ کو یقینی بنانے ، خالی اَسامیوں کو پُر کرنے ،لیبارٹریوں کو مضبوط کرنے،فیصلہ ساز اَتھارٹیوں کے ذریعے مقدمات کا جلد نمٹارا کرنے اور مشن سیف فوڈ کے تحت آئی اِی سی کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر دونوں خطوں میں ایک جدید ترین لیبارٹری کے قیام پر زور دیا تاکہ خوراک کے نمونوں کی بروقت جانچ کی جا سکے۔کمشنرفوڈ اینڈ ڈرگس اَتھارٹی جے اینڈ کے خالد جہانگیر نے ایک جامع سٹیٹس رِپورٹ پیش کی جس میں اِدارے کا جائزہ، عملے کی تعداد، کمیٹی کی سفارشات پراَپ ڈیٹ کردہ اے ٹی آر 3؍ اگست2026 ء کو جاری کی گئی ہدایات اے ٹی آر ، آئی اِی سی سرگرمیاں اور ایف ایس ایس اے آئی کے مینڈیٹ کے مطابق نفاذ کے اہم نکات شامل تھے۔نفاذ کے حوالے سے بتایا گیا کہ 2026-27 کے دوران اکتوبر تک 11,720 معائینے کئے گئے جن میں 6,259 نفاذی اور 2,508 نگرانی کے نمونے اُٹھائے گئے جبکہ 5,179 نمونوں کی جانچ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ وینز (ایم ایف ٹی ویز) کے ذریعے کی گئی۔ اِس کے علاوہ اپریل سے اکتوبر 2026 ء تک تازہ سبزیوں، پیک شدہ پینے کے پانی، نیوٹراسیوٹیکلز، خوردنی تیل و چکنائی، گھی، شہد، دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات، مصالحوں، کیفین والے مشروبات، گوشت کی مصنوعات، بیکری مصنوعات اور تیار شدہ کھانوں پر خصوصی نفاذ کی مہمات چلائی گئیں۔کمیٹی نے سری نگر کی تحصیل حضرت بل کے علاقے کھمبر میں مبینہ تجاوزات اور اَراضی کی غیر قانونی تقسیم سے متعلق درخواست نمبر 2 کے حوالے سے ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنرسری نگر کو ہدایت دی کہ وہ ریونیو ریکارڈ کی تصدیق کریں، زمینی صورتحال کا جائزہ لیں اور مبینہ تجاوزات اور غیر قانونی تقسیم پر ایک جامع رِپورٹ پیش کریں۔ کمیٹی نے سرکاری اور نجی اراضی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تصدیق کے بعد قانون کے مطابق مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے۔میٹنگ میں جوائنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگر، ایس ڈِی ایم چاڈورہ، فوڈ سیفٹی اَفسران، سٹیٹ نوڈل آفیسر ایف ڈِی اے اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔