کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ابھشیک شرمانے سرحدی بلاکیرن کے لئے ’اسپریشنل بلاک پروگرام(اے بی پی)‘ کے تحت ایک جامع ایکشن پلان تیار کرنے کے سلسلے میں ضلعی اور محکمانہ اَفسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔دوران میٹنگ کیرن کو ایک ’ماڈل بلاک‘ میں تبدیل کرنے کے مقصد سے ترقیاتی امور، شہری سہولیات، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سیاحتی بنیادی ڈھانچے جیسے اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی اَقدامات بلاک کے ہر گاؤں تک پہنچنے چاہئیں اور ان کی منصوبہ بندی زمینی سطح پر ضروریات کے تجزیے کی بنیاد پر کی جانی چاہیے تاکہ ٹھوس اور نتیجہ خیز پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔اُنہوں نے علاقے کی ظاہری خوبصورتی اور ماحولیاتی تحفظ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پورے بلاک میں تمام سرکاری عمارتوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کریں۔ اُنہوں نے اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ مقامی ماحول کے تحفظ کے لئے سائنسی بنیادوں پر کوڑا کرکٹ کے انتظام و انصرام کا نظام فعال طور پر قائم کیا جائے۔ اِس کے علاوہ مناسب سٹریٹ لائٹس نصب کرنے، معیاری سائن بورڈوں کو لگانے اور موجودہ عوامی اثاثوں کی باقاعدہ دیکھ ریکھ اور مرمت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے سرحدی علاقے کی قدرتی خوبصورتی اور سیاحت کے امکانات سے فائدہ اُٹھانے کے لئے زور دیتے ہوئے مزید سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور ان کی ترقی کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر لولاب۔بنگس۔درنگیاری ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ایل بی ڈِی ڈِی اے) کو متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر پورے بلاک میں لینڈ سکیپ کی بہتری اور جمالیاتی حسن میں اِضافے کے لئے کام کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے اَپنے شعبوں سے متعلق ضروریات پر مبنی تجاویز بلا تاخیر پیش کریںتاکہ ایک جامع اور نتیجہ خیز ایکشن پلان کو حتمی شکل دے کر اس پر فوری عمل درآمد شروع کیا جا سکے۔میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر لولاب۔بنگس۔درنگیاری ڈیولپمنٹ اَتھارٹی فاروق احمد بابا، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو (اے سی آر) پیرزادہ ممتاز احمد، ڈِسٹرکٹ پروگرام آفیسر (ڈِی پی او) آئی سی ڈِی ایس اعجاز احمد، چیف پلاننگ آفیسر(سی پی او) کے علاوہ محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیوڈِی)، نیشنل رورل لائیولی ہڈز مشن (این آر ایل ایم) اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس (وائی ایس ایس) کے سینئر افسران اور انجینئروںنے شرکت کی۔










