Secretary Tourism

سیکرٹری ٹوراِزم نے رائیل سپرنگس گولف کورس سری نگر میں کام کاج ، اپریشنل کارکردگی اور بنیادی ڈھانچے کی دیکھ ریکھ کا جائزہ لیا

سری نگر// سیکرٹری ٹوراِزم اونی لواسا نے رائیل سپرنگس گالف کورس (آر ایس جی سی) کا دورہ کیا اوراس گالف کورس کے کام کاج، اپریشنل کارکردگی ، بنیادی ڈھانچے کی دیکھ ریکھ اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے کئے جا رہے اَقدامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دورا ن سیکرٹری ٹوراِزم کے ہمراہ سیکرٹری رائل سپرنگس گالف کورس (آر ایس جی سی) حارث احمدہنڈو،محکمہ سیاحت اور آر ایس جی سی کے دیگر سینئر افسران بھی تھے۔سیکرٹری ٹورازم جورائیل سپرنگس گالف کورس (آر ایس جی سی) کی چیف ایگزیکٹیو بھی ہیں، نے گالف کورس کے احاطے اوروہاں موجود مختلف سہولیات کا تفصیلی معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے موجودہ اِنتظامات،بنیادی ڈھانچے کی دیکھ ریکھ کی صورتحال، اراکین اور آنے والے مہمانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اونی لواسا نے متعلقہ اَفسران سے بات چیت کرتے ہوئے اراکین اور آنے والے مہمانوں کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر اِنتظام، باقاعدہ مینی ٹیننس اور سہولیات میں مسلسل بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ رائیل سپرنگس گالف کورس سری نگر کے نمایاں سیاحتی و تفریحی مقامات میں سے ایک ہے، لہٰذا اسے خدمات کے اعلیٰ معیار، بنیادی ڈھانچے کی بہتر دیکھ ریکھ اور پیشہ ورانہ اِنتظام کو برقرار رکھنا چاہیے۔سیکرٹری ٹوراِزم نے کہا،’’رائیل سپرنگس گالف کورس سری نگر کے سیاحت اور تفریحی منظرنامے میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ ہماری توجہ اس کے مؤثر کام کاج کو یقینی بنانے، سہولیات اور خدمات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور اراکین و آنے والے مہمانوں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل اِصلاحات پر مرکوز ہونی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے بورڈ آف گورنرس کے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گالف کورس کے مجموعی اِنتظام کو مضبوط بنانے اور اس کی سہولیات کے مؤثر اِستعمال اورمینی ٹیننس کو یقینی بنانے کے لئے مربوط کوششیں کی جانی چاہئیں۔ اِس موقعہ پر سیکرٹری رائیل سپرنگس گالف کورس (آر ایس جی سی)نے چیف ایگزیکٹیو کو گالف کورس اور کلب ہاؤس کی بہتری و مینی ٹیننس کے لئے کئے جانے والے مختلف اَقدامات، نئے اراکین کی شمولیت اور اِس سال 2 ؍جون کو وزیر اعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ آر ایس جی سی کے بورڈ آف گورنرس میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر کی گئی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔