The Chief Minister inaugurated the 70th National School Games in Ganderbal.

وزیر اعلیٰ نے گاندر بل میں 70 ویں نیشنل اسکول گیمز کا افتتاح کیا

حکومت کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنا رہی ہے اور انڈور گیمز کو فروغ دے رہی ہے ۔ عمر عبداللہ

گاندر بل//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آجگورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن گاندر بل میں 70 ویں نیشنل اسکول گیمز کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے 23 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے آنے والے نوجوان کھلاڑیوں کا خیر مقسم کیا اور کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کیلئے زیادہ سے زیادہ تسلیم ، تعاون اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ پانچ دن پر محیط اس کھیلوں کے ایونٹ میں وشو اور تائیکوانڈو میں انڈر 17 لڑکوں اور لڑکیوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ جس میں ملک بھر سے آنے والے امید افزاء نوجوان ٹیلنٹ جمع ہوئے ہیں ۔ شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا کشمیر بالخصوص گاندر بل میں خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس خطے میں وشو اور تائیکوانڈو میں بہترین کارکردگی کی مضبوط روایت موجود ہے جہاں مقامی کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی دونوں سطحوں پر کامیابی حاصل کر چکے ہیں ۔ نوجوان شرکاء کے جوش و جذبے اور عزم پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ کھلاڑی پورے دل سے مقابلہ کریں گے اور اپنی اپنی ریاستوں اور یو ٹیز کو فخر دلائیں گے ۔ بچوں کی مجموعی نشو و نما میں کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی کھیلوں کی دلچسپیوں کو آگے بڑھانے کی ترغیب دی جانی چاہئیے ، بغیر اس کے کہ اعلیٰ نمبر حاصل کرنے کیلئے ضرورت سے زیادہ دباؤ کا شکار ہوں ۔ انہوں نے کرکٹ پر غیر متناسب توجہ اور وسائل صرف کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دیگر کھیل بشمول فُٹ بال ، ہاکی اور ووشو و ٹی کوانڈو جیسے کھیل میڈیا میں زیادہ نمائش ، اسپانسر شپ اور ادارہ جاتی حمایت کے مستحق ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے زیادہ جامع کھیلوں کے ماحول کی تخلیق پر زور دیا جس میں مختلف شعبوں کی صلاحیتوں کو مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی ملے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط پیدا کرنے ، اعتماد بڑھانے اور نئی راہیں کھولنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ عزم کے ساتھ مقابلہ کریں ، کھیل کے جذبے کو برقرار رکھیں اور جموں و کشمیر میں اپنے قیام کے دوران دوستی پیدا کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مواقع بڑھانے کی بھر پور کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے ہر ضلع میں انڈور اسپورٹس کمپلیکس تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ وسیع تر شرکت کی حوصلہ افزائی ہو اور بچوں کو مختلف کھیلوں کے شعبوں کو اپنانے کیلئے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ دورہ کرنے والی ٹیموں اور عہدیداروں کو علاقے کی سیر کی ترغیب دیتے ہوئے مسٹر عمر عبداللہ نے انہیں سونہ مرگ ، سرینگر کے مغل باغات اور دیگر مقامی مقامات کی سیر کی دعوت دی اور کہا کہ کشمیر کی مہمان نوازی اس کی قدرتی خوبصورتی جتنی ہی یاد گار ہے ۔ اس موقع پر لڑکوں اور لڑکیوں نے ووشو اور تائیکوانڈو کے مظاہرے پیش کئے جنہیں وزیر اعلیٰ اور دیگر معززین نے سراہا ۔ اس موقع پر وزیر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، ایس ایس پی گاندر بل ، سینئر افسران ، کھلاڑی ، ٹیم کے عہدیدار اور طلباء موجود تھے ۔