گلاسگو/یو این آئی// چار سالہ بچے کی ماں اور پی ایچ ڈی کی طالبہ سیما کالیرامنا نے دولتِ مشترکہ کھیلوں 2026 میں خواتین کے ڈسکس تھرو مقابلے میں برونز میڈلجیت کر ہندوستان کو ایتھلیٹکس میں دن کا واحد میڈل دلایا، جبکہ مجموعی طور پر ایتھلیٹکس میں ملک کے میڈلس کی تعداد چار ہوگئی۔27 سالہ سیما نے اپنی تیسری کوشش میں 58.66 میٹرکی بہترین تھرو کرکے تیسرا مقام حاصل کیا۔ جمیکا کی سمانتھا ہال نے 61.66 میٹرکے ساتھ گولڈ میڈل، جبکہ کینیڈا کی جولیا ٹنکس نے 60.67 میٹرکی تھرو کے ساتھ سلور میڈلاپنے نام کیا۔ ہندوستان کی دوسری کھلاڑی ندھی رانی 57.10 میٹر کی تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں۔ سیما کے کیریئر کا یہ پہلا بڑا بین الاقوامی میڈل ہے ۔ 2022 میں ماں بننے سے قبل ان کی ذاتی بہترین کارکردگی 48.08 میٹر تھی، جسے انہوں نے 2024 میں 57.19 میٹر تک پہنچایا، جبکہ رواں سال ہندوستانی چمپئن شپ میں 59.73 میٹرکی تھرو کرکے خود کو ملک کی صفِ اول کی ڈسکس تھرو ایتھلیٹس میں شامل کر لیا۔ دوسری جانب دیگر مقابلوں میں ہندوستان کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ریکارڈ ہولڈر پارول چودھری خواتین کی 5000 میٹر دوڑ میں 15:08.56 منٹ کے ساتھ 13ویں نمبر پر رہیں، جبکہ آسٹریلیا کی روز ڈیوس نے گولڈ میڈل جیتا۔ مردوں کے شاٹ پٹ میں دو مرتبہ کے ایشیائی کھیلوں کے چمپئن تجندر پال سنگھ تور 20.27 میٹر کی بہترین کوشش کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے اور دولتِ مشترکہ کھیلوں کا اپنا پہلا میڈل جیتنے میں ناکام رہے ۔ سمر دیپ سنگھ گل 20.03 میٹر کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہے ، جبکہ نائجیریا کے چکویبوکا اینیکویچی نے 21.07 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔البتہ مردوں کے ٹرپل جمپ میں پروین چتھراویل اور سیلوا پربھو تھیرومرن نے ہفتہ کو ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پروین نے پہلی ہی کوشش میں 16.41 میٹر کی چھلانگ لگا کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ سیلوا پربھو نے ابتدائی دو فاؤل کے بعد آخری کوشش میں کامیاب چھلانگ لگا کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ٹریک مقابلوں میں وشال ٹی کے مردوں کی 400 میٹر سیمی فائنل میں 46.33 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ اپنی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہ کر باہر ہو گئے۔










