وزیراعظم مودی کی پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کی اپیل

وزیراعظم مودی کی پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کی اپیل

حقائق اور منطق کی بنیاد پر بحث ہو، ہنگامہ آرائی کی ضرورت نہیں// وزیر اعظم نریندرمودی

سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے آغاز پر تمام سیاسی جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ سے ایوان کی کارروائی کو نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر بحث و مباحثہ حقائق اور منطق کی بنیاد پر ہو تو نہ ہنگامہ آرائی کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی بلند آواز میں بات کرنے کی۔یو این ایس کے مطابق پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے آغاز سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جیسے برسات کا موسم ملک کے لیے اہمیت رکھتا ہے، اسی طرح پارلیمنٹ کا مون سون اجلاس بھی عوامی مفاد کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں مؤثر ثابت ہوں تو ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح یقینی بنائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا، ہم دعا کرتے ہیں کہ مانسون بھی فعال رہے اور پارلیمنٹ کا مون سون اجلاس بھی نتیجہ خیز ثابت ہو، کیونکہ دونوں کی کامیابی ملک کی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے اپوزیشن کی جانب سے مختلف قومی معاملات پر بحث کے مطالبے کے تناظر میں کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ ایوان میں تمام مباحث حقائق، دلائل اور آئینی روایات کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے کہا، جہاں حقائق موجود ہوں وہاں ہنگامہ آرائی کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر آپ کے پاس مضبوط دلائل اور حقائق ہیں تو آواز بلند کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ پارلیمنٹ ہر رکن کو اپنی بات رکھنے کا موقع فراہم کرنے کا ادارہ ہے، اس لیے تمام ارکان کو دلجمعی کے ساتھ کارروائی میں حصہ لینا چاہیے۔وزیر اعظم نے مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے نے بھارت جیسے توانائی درآمد کرنے والے ممالک کے لیے متعدد چیلنجز پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور کھاد سمیت مختلف شعبے اس سے متاثر ہوئے، تاہم ان تمام مشکلات کے باوجود بھارت نے 7.7 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کا مقام برقرار رکھا، جو ملک کی معاشی مضبوطی کا ثبوت ہے۔مودی نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارت نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جن پر ہر شہری کو فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس مون سون اجلاس سے قبل ایک بھارتی شہری بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچا تھا، جبکہ دو روز قبل ایک بھارتی نوجوانوں کی قیادت والے اسٹارٹ اپ نے خلائی شعبے میں ایسی کامیابی حاصل کی جو دنیا کے صرف چند ممالک کو نصیب ہوئی ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کے نوجوانوں کی صلاحیتیں اور ان کے خواب خلا کی وسعتوں کی طرح لامحدود ہیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حال ہی میں ملک کو ایک بڑی آئل ریفائنری وقف کی گئی، سیمی کنڈکٹر پلانٹ کا افتتاح ہوا اور بھارت کی پہلی ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرین بھی شروع کی گئی، جس سے بھارت ان چند ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں کے پیچھے بھارتی سائنس دانوں، انجینئروں، صنعت کاروں اور نوجوان اختراع کاروں کی محنت کارفرما ہے، جبکہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں نے نوجوانوں کو نئے میدانوں میں آگے بڑھنے اور بڑے اہداف حاصل کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ کا موجودہ اجلاس تعمیری مباحث، عوامی مسائل کے حل اور قومی مفاد کے فیصلوں کے لیے ایک مثبت اور نتیجہ خیز پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔