’نشہ مُکت جموں وکشمیر ابھیان ‘کے تحت

’نشہ مُکت جموں وکشمیر ابھیان ‘کے تحت

بوائزہائیر سکینڈری سکول گلاب باغ میں منشیات کے خلاف بیداری سمینار کا اِنعقاد

سری نگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈِی آئی پی آر) کے کلچرل یونٹ کشمیر نے’ نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان ‘ کے تحت گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول گلاب باغ سری نگر میں منشیات کے مضر اثرات کے حوالے سے ایک بیداری سمینار منعقد کیا۔ سمینارمیں طالب علموں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور منشیات کے تباہ کن اَثرات پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ صحت مند، باشعور اور منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لئے درست فیصلے کرنا ناگزیر ہے۔اِس موقعہ پر کلچر آفیسر کشمیر عبدالرقیب بٹ اور اے سی او سیّد شکیل شان نے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے بڑھتے ہوئے رُجحان پر قابو پانے کے لئے اِجتماعی سماجی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر اَپنی عظیم صوفی روایت، امن، روحانیت اور اعلیٰ اخلاقی اَقدار کے لئے جانا جاتا ہے جہاں منشیات جیسی سماجی برائیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ اُنہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اَپنے گھروں اور معاشرے میں منشیات کے خلاف بیداری کے سفیر بنیں۔سکول کی پرنسپل اوسیا جبین نے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کی اس قابلِ ستائش کاوش کو سراہتے ہوئے یقین دِلایا کہ ادارہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے بیداری پروگراموں کے اِنعقاد میں بھرپور تعاون کرے گا تاکہ نوجوانوں کو تعلیم، شعور اور مثبت رہنمائی فراہم کی جا سکے۔وائس پرنسپل ممتاز حسین جنہوں نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دئیے، نے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سماجی بیداری اُجاگر کرنے کے لئے اس قسم کے بامقصد پروگراموں سے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔سمینار کے اِختتام پر پروگرام میں فعال شرکت اور قیمتی خیالات پیش کرنے والے طالب علموں کو ان کی حوصلہ افزائی کے لئے اعزازات سے نوازا گیا۔