لیفٹیننٹ گورنر نے تمام یاتریوں کیلئے محفوظ، خوشگوار اور روحانی طور پر مکمل سفر کیلئے نیک خواہشات کا اِظہا رکیا
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شری امرناتھ جی کی پوتر گپھا کے لئے عقیدت مندوں کے پہلے قافلے کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے پوتر یاترا پر جانے والے تمام یاتریوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’شری امرناتھ جی یاترا ایک مقدس راستہ ہے جہاں عقیدت روحانی بیداری سے ملتی ہے ۔ میں تمام عقیدت مندوں کے لیے ایک محفوظ، آرام دہ، خوشگوار اور روحانی طور پر مکمل سفر کی خواہش کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ یہ مقدس یاترا سب کے لیے بے پناہ خوشی اور قلبی سکون کا ذریعہ بنے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اِنتظامیہ، شری امرناتھ جی شرائین بورڈ، جموں و کشمیر پولیس، فوج، سیکورٹی فورسز، مقامی کمیونٹی اور دیگر تمام شراکت داروں نے ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے یاتریوں کے لئے وسیع پیمانے پر اِنتظامات کئے ہیں۔پہلے جتھے میں 4,800 سے زیادہ یاتری 259 ہلکی اور بھاری گاڑیوں کے قافلے میں شری امرناتھ جی کی پوتر یاترا کے لئے روانہ ہوئے۔روانگی کی تقریب میںروحانی رہنماؤں، مذہبی تنظیموں کے سربراہان، عوامی نمائندوں، سول اِنتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز اور شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے سینئر اَفسران، ممتاز شہریوں اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔










