جموں و کشمیر میں اعضا اور ٹشوزعطیات کے 3,066 رجسٹریشن

جموں و کشمیر میں اعضا اور ٹشوزعطیات کے 3,066 رجسٹریشن

بیداری مہمات رنگ لائیں، جموں و کشمیر میں اعضا عطیہ رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ

سرینگر// ملک بھر میں اعضا اور بافتوں (ٹشوز) کے عطیات کے لیے رجسٹریشن کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر جانے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں بھی اس حوالے سے حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اب تک 3,066 افراد نے اعضا اور بافتوں کے عطیات کے لیے اپنی رضامندی درج کرائی ہے، جن میں جموں ضلع 1,436 رجسٹریشن کے ساتھ سرفہرست ہے، جو مجموعی رجسٹریشن کا تقریباً 47 فیصد بنتا ہے۔یو این ایس کے مطابق اعداد و شمار کے مطابق کٹھوعہ میں 354، راجوری میں 200، ڈوڈہ میں 148، ادھم پور میں 141، پونچھ اور سانبہ میں 106،106، بارہمولہ میں 97،ریاسی میں 87، کپواڑہ میں 71، اننت ناگ میں 55 اور سری نگر میں 48 افراد نے اعضا یا بافتوں کے عطیات کے لیے رجسٹریشن کرائی، جبکہ باقی رجسٹریشن دیگر اضلاع سے موصول ہوئی ہیں۔عمر کے اعتبار سے 18 سے 30 سال کے نوجوانوں نے سب سے زیادہ رجسٹریشن کرائی، جبکہ 30 سے 45 سال کی عمر کے افراد دوسرے نمبر پر رہے۔ 45 سے 60 سال کے افراد کی تعداد نسبتاً کم رہی، جبکہ 60 برس سے زائد عمر کے افراد کی شرکت سب سے کم ریکارڈ کی گئی۔ یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ نوجوان نسل میں اعضا عطیہ کرنے کے حوالے سے شعور اور دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔صنفی اعتبار سے مرد رجسٹرڈ عطیہ دہندگان کی اکثریت ہیں، جبکہ خواتین کی تعداد مجموعی رجسٹریشن کا تقریباً ایک تہائی ہے۔ بیشتر افراد نے اعضا اور بافتوں دونوں کے عطیے کی رضامندی ظاہر کی، جبکہ صرف اعضا یا صرف بافتوں کے عطیات کے لیے رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد نسبتاً کم رہی۔رجسٹرڈ عطیات میں جگر (لیور) کے لیے سب سے زیادہ 2,170 رضامندیاں موصول ہوئیں، جبکہ دل کے لیے 2,081، پھیپھڑوں کے لیے 1,974، لبلبہ (پینکریاز) کے لیے 1,887، آنتوں کے لیے 1,860 اور گردوں کے لیے 649 رجسٹریشن درج کی گئیں۔بافتوں کے عطیات میںخون کی شریانیں 1,824 رجسٹریشن کے ساتھ سرفہرست رہیں، جبکہ ہڈی کے لیے 1,793، جلد کے لیے 1,779، کارٹلیج کے لیے 1,707، قرنیہ (کارنیا) کے لیے 603 اورہارٹ والو کے لیے 528 رجسٹریشن موصول ہوئیں۔یو این ایس کے مطابق حکام کے مطابق جموں و کشمیر میں اعضا اور بافتوں کے عطیات کے رجحان میں مسلسل اضافہاسٹیٹ آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن جموں و کشمیر کی جانب سے چلائی جانے والی بیداری مہمات کا نتیجہ ہے۔ ادارہ مختلف ورکشاپس، عوامی بیداری پروگراموں، تعلیمی سرگرمیوں اور اعضا عطیہ مہمات کے ذریعے خصوصاً نوجوانوں کو اس انسانی خدمت میں حصہ لینے کی ترغیب دے رہا ہے، جس سے نہ صرف عوامی شعور میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اعضا عطیہ سے متعلق غلط فہمیوں کا بھی ازالہ ہوا ہے۔قومی سطح پر پانچ لاکھ سے زائد افراد اعضا اور بافتوں کے عطیات کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ مہاراشٹر ایک لاکھ 16 ہزار 690 رجسٹریشن کے ساتھ پہلے جبکہ راجستھان 92 ہزار 641 رجسٹریشن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب لداخ میں صرف 39 اور لکشدیپ میں 11 رجسٹریشن ریکارڈ کی گئی ہیں، جو ملک میں سب سے کم ہیں۔