صوبائی کمشنر کشمیر نے سری نگر ائیر پورٹ پر یاتریوں کیلئے سہولیات کا جائزہ لیا

صوبائی کمشنر کشمیر نے سری نگر ائیر پورٹ پر یاتریوں کیلئے سہولیات کا جائزہ لیا

سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کی تیاری کے سلسلے میں منگل کے روز سری نگر اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یاتریوں کے لئے محفوظ، آسان اور پریشانی سے پاک سفرکے تجربے کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا ایک جامع جائزہ لیا۔ اُنہوں نے معائینے کے دوران یاتریوں کے لئے قائم سہولیات کا جائزہ لیا جن میں مخصوص ای۔کے وائی سی کاؤنٹرز، یاترا سہولیت مرکز، مسافروں کے اِستقبال کے مقامات اور ایئرپورٹ پر دستیاب دیگر ضروری سہولیات شامل ہیں۔اِس موقعہ پر سول اِنتظامیہ، ایئرپورٹ اَتھارٹی، جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل اِنڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے سینئر اَفسران نے صوبائی کمشنر کو اَپنے اَپنے محکموں کی جانب سے یاتریوں کی آسان آواجاہی کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی تیاریوں اور باہمی تال میل کے اقدامات سے آگاہ کیا۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے مسائل کے بروقت حل اور یاتریوں کے لئے بلا تعطل خدمات کو یقینی بنانے کے لئے بہتر رابطہ کاری اور مضبوط مواصلاتی نظام کی ضرورت پر زور دیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کو آسان اور یاتری دوست بنانے کے لئے مقامی اِنتظامیہ نے پورے کشمیر میں رجسٹریشن کے بنیادی ڈھانچے کو کافی حد تک بڑھایا ہے۔یاتری سہولیت کاؤنٹروںکی مجموعی تعداد 2025 ء میں 54 سے بڑھا کر 2026 ء میں 131 کر دی گئی ہے جن میں ای۔کے وائی سی کاؤنٹرز 21 سے بڑھا کر 59، آر ایف آئی ڈی کاؤنٹرز 20 سے بڑھا کر 32 اور موقعہ پر ہی رجسٹریشن کاؤنٹرز کی تعداد 13 سے بڑھ کر 40 ہو گئی ہے۔پانتھہ چوک، سری نگر اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریلوے سٹیشن نوگام سمیت اہم مقامات پر رجسٹریشن کی اضافی سہولیات قائم کی گئی ہیں۔دورے کے دوران صوبائی کمشنر انشل گرگ کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اطہر عامر ،سینئر سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بڈگام اور متعلقہ محکموں کے دیگر اَفسران بھی تھے۔