چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارنے بڈگام کا دورہ کیا

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارنے بڈگام کا دورہ کیا

اِنتخابی عمل کو مضبوط بنانے میں بی ایل اوز کی خدمات کو سراہا

سری نگر//چیف الیکشن کمشنر (سی اِی سی) گیانیش کمار نے آج ضلع بڈگام کا دورہ کیا اور نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) میں بوتھ لیول اَفسران (بی ایل اوز)، الیکٹورل رجسٹریشن اَفسران (اِی آر اوز)، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن اَفسران (اے اِی آر اوز) اورالیکشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر فیلڈ اہلکاروں سے بات چیت کی ۔اُنہوں نے زمینی سطح پر اِنتخابی عمل کو مضبوط بنانے کے تئیں ان کی لگن اور عزم کو سراہا۔یہ بات چیت چیف الیکشن کمشنر کے جموں و کشمیر کے تین روزہ سرکاری دورے کا حصہ تھی جس کا مقصد اِنتخابی عمل کا جائزہ لینا، فیلڈ اَفسران اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنا اور یونین ٹیریٹری میں اِنتخابی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔سی اِی سی کے ہمراہ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر سنجیو ورما اور ضلع الیکشن آفیسر (ضلع ترقیاتی کمشنر) بڈگام اطہر عامر بھی تھے۔ اِس موقعہ پر ضلعی اِنتظامیہ اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ کے سینئر بھی موجود تھے۔دوران بات چیت گیانیش کمار نے بی ایل اوز کو ہندوستانی اِنتخابی جمہوریت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ درست اِنتخابی فہرستوں کی تیاری، ووٹروں کو سہولیات فراہم کرنے اور سب کی شمولیت کو یقینی بنانے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔اُنہوںنے کہا،’’بی ایل اوز واقعی ہمارے انتخابی عمل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں‘‘ اور کہا کہ انتخابات کی ساکھ ایک مضبوط، درست اور شفاف انتخابی فہرست سے شروع ہوتی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بی ایل اوز الیکشن کمیشن اور ووٹروں کے درمیان رابطے کا پہلا ذریعہ ہوتے ہیں اور ان کی زمینی سطح پر سرگرمیاں اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں کہ ہر اہل شہری کا اندراج ہو اور ہر ووٹر کو سہولیت فراہم کی جائے۔اُنہوں نے مسلسل اپ ڈیٹ اور تصدیق کے ذریعے انتخابی فہرستوں کی پاکیزگی اور درستگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِی آر او نیٹ جیسی ٹیکنالوجی پر مبنی سہولیات کا بھی ذکر کیا جس نے کارکردگی، شفافیت اور رسائی کو بہتر بنا کر انتخابی فہرست کے انتظام کو مضبوط کیا ہے۔اُنہوں نے بی ایل اوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ اَپنی ذمہ داریاں لگن، غیر جانب داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیتے رہیں۔اُنہوں نے بی ایل اوز کو مشورہ دیا کہ وہ حقائق، سرکاری طریقۂ کار اور ووٹروں کے تئیں اَپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھیں اور ایسی غلط معلومات یا بیانیوں سے متاثر نہ ہوں جو شہریوں میں الجھن پیدا کر سکتے ہیں۔اُنہوں نے ہندوستانی انتخابی فریم ورک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے میں ہندوستان دنیا کی بڑی جمہوریتوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتخابی فہرستوں کی تیاری سے لے کر پولنگ اور ووٹوں کی گنتی تک انتخابی عمل کے ہر مرحلے کی سیاسی جماعتوں اور اُمیدواروں کی موجودگی میں باقاعدہ جانچ اور آڈِٹ کیا جاتا ہے جس سے شفافیت اور ساکھ کو تقویت ملتی ہے۔ گیانیش کمار نے بی ایل اوز پر زور دیا کہ وہ لوگوںکے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھیں، ان کے مسائل مؤثر انداز میں حل کریں اور ووٹروں کو ان کے حقوق اور ذِمہ داریوں سے آگاہ رکھیں۔یہ بات چیت چیف الیکشن کمشنر کے جموں و کشمیر کے جاری دورے کا حصہ تھی جس کا مقصد انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینا، شراکت دارو ں سے تبادلہ خیال کرنا اور زمینی سطح پر کام کرنے والے انتخابی عملے سے آرأ حاصل کرنا ہے۔