جاوید ڈار نے رام بن میں ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا

جاوید ڈار نے رام بن میں ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا

متعدد پروجیکٹوں کا اِی اِفتتاح کیا اور مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ کیا

رام بن// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج ضلع رام بن میں جاری ترقیاتی کاموں اور فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے کئی پروجیکٹوں کا اِی اِفتتاح کیا کیا اور زمینی سطح پر ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔جامز میٹنگ میں ممبر اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو، ممبر قانون ساز اسمبلی بانہال سجاد شاہین، ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن محمد الیاس خان، ڈائریکٹر زراعت جموں، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں، ڈائریکٹر باغبانی جموں، محکمہ ماہی پروری، رجسٹرار کوآپریٹیوز جموں و کشمیر، محکمہ پشو پالن کے سینئر اَفسران اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کامیابیوں اور جاری منصوبوں کی صورتحال پر ایک جامع جائزہ پیش کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ مالی برس 2025-26 کے دوران منریگا کے تحت ضلع میں 36,550 فعال جاب کارڈ موجود ہیں جبکہ 2,382 کام مکمل کئے جا چکے ہیں۔ آدھار سیڈنگ کی شرح 99.78 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ بروقت اجرت کی ادائیگی کی شرح 70 فیصد ہے۔مزید بتایا گیا کہ سال 2025-26 کے دوران منریگا کے تحت 3,758 کام منظور کئے گئے جبکہ 2026-27 کے لئے 3,564 کاموں کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت 503 مکانات مکمل کئے گئے ہیں جبکہ پی ایم اے وائی۔جی 2.0 کے سروے میں 25,530 ممکنہ مستحقین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سوچھ بھارت مشن (گرامین) کے تحت پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ مشن کے مختلف اجزأ کے تحت 1,505 منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں جس سے دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اُنہوں نے زرعی شعبے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ فصلوں کی پیداوار میں خاطر خواہ پیش رفت درج کی گئی ہے بالخصوص تیل کے بیجوں میں جس کی پیداوار 15,687 کوئنٹل تک پہنچ گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کسان اور دیہی نوجوان سوئیل ہیلتھ کارڈ، کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی)، پی ایم کسان اور کسان خدمت گھر (کے کے جی) جیسی سکیموں سے مستفید ہو رہے ہیں جو زرعی پیداوار میں اضافہ اور آمدنی بڑھانے میں اپنا رول اَدا کررہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیرموصوف کو آئندہ شری امرناتھ جی یاترا۔ 2026 کے احسن اور منظم انعقاد کے لئے کئے گئے اِنتظامات کے بارے میں بھی جانکاری دِی اور کہا کہ تمام محکموں نے ضروری تیاری مکمل کر لی ہے۔وزیر نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی اور حتمی منظوری کے دوران عوامی نمائندوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شفاف طرز حکمرانی، جوابدہی اور بین محکماتی ہم آہنگی مساوی اور دیرپا ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ناگزیر ہیں۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے اور حکومتی سکیموں کے فوائد مقررہ مدت میں نچلی سطح تک پہنچائے جائیں۔ اُنہوں نے مختلف فلاحی پروگراموں کے تحت زیادہ سے زیادہ مستحقین تک رسائی کے لئے عوامی بیداری مہمات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے افسران سے کہا کہ رام بن ضلع بنیادی ڈھانچے، سڑکوں کے نیٹ ورک اور عوامی فلاحی پروگراموں میں بے مثال سرمایہ کاری کے باعث ترقی اور رابطہ کاری کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ کی اَپ گریڈیشن اور اہم ٹنل منصوبے رام بن کو ایک اہم گیٹ وے ضلع میں تبدیل کر رہے ہیں جس سے معاشی مواقع، سیاحت اور مقامی لوگوں کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ اہم ٹنل پروجیکٹوں کے فعال ہونے اور نیشنل ہائی وے کوریڈور کی مسلسل بہتری سے ہر موسم کے رابطے کو یقینی بناتے ہوئے سفر کے وقت میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ انقلابی منصوبے نہ صرف علاقائی رابطوں کو مضبوط کریں گے بلکہ تجارت، باغبانی، زراعت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔اس دوران وزیر نے مختلف محکموں کی جانب سے مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کا اِی۔اِفتتاح بھی کیا اور عوامی خدمات و فلاح و بہبود پر ان کے اثرات کا جائزہ لیا۔اِس سے قبل جاوید احمد ڈار نے کوآپریٹیو سپر بازار رام بن کا اِفتتاح کیا اور ایڈوانسڈ سینٹر فار ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ گووند پورہ کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں سینٹر کے کام کاج کا معائینہ کیا اور باغبانی کی ترقی اور کسانوں کی بہبود کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا۔بعدمیں اُنہوں نے کشکوٹ میں شاہِ اسرار میموریل سکول کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے قیام میں ایڈووکیٹ راجہ سلیم کی کاوشوں کو سراہا اور اسے علاقے میں تعلیمی ترقی اور سماجی بہبود کے لئے ایک اہم اقدام قرار دیا۔اُنہوں نے جامع ترقی اور دیہی خوشحالی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے، زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کو مستحکم کرنے،دیرپا روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ترقی کے ثمرات رام بن ضلع کے ہر گھر تک پہنچانے کے لئے پُرعزم ہے۔