خود انحصار بھارت کی بنیاد نوجوان کاروباری طبقہ، صنعت کاری وقت کی ضرورت//غلام علی کھٹانہ
سرینگر// بی جے پی لیڈر راجیہ سبھا کے نامزد رکن انجینئر غلام علی کھٹانہ نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف ملازمتوں کے حصول تک خود کو محدود نہ رکھیں بلکہ کاروبار اور صنعت کاری کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے والے بنیں، کیونکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتوں، اختراع اور کاروباری سوچ پر ہے۔یو این ایس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے راجباغ سرینگر کے ہوٹل میریڈین میں منعقدہ دو روزہ ’’نایاب میگا‘‘ لائف اسٹائل نمائش کا افتتاح اور دورہ کرنے کے دوران کیا۔ نمائش میں جموں و کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد، دستکاروں اور اسٹارٹ اپس نے اپنے منفرد اور جدید مصنوعات کی نمائش کی۔نمائش کے دوران غلام علی کھٹانہ نے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا اور نمائش کنندگان سے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے مقامی صنعتوں، دستکاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارم نوجوان کاروباری افراد، خواتین صنعت کاروں، دستکاروں اور چھوٹے تاجروں کو اپنی مصنوعات وسیع پیمانے پر متعارف کرانے اور براہ راست صارفین تک رسائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’نایاب میگا‘‘ جیسی نمائشیں مقامی معیشت کو مضبوط بنانے، خود روزگاری کو فروغ دینے اور پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ سرگرمیاں وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ووکل فار لوکل‘‘، ’’اسٹارٹ اپ انڈیا‘‘ اور ’’آتم نربھر بھارت‘‘ جیسے قومی پروگراموں کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں، جن کا مقصد مقامی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کھٹانہ نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں کاروباری رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور یہ خوش آئند امر ہے کہ متعدد طلبہ اپنی تعلیمی مصروفیات کے ساتھ ساتھ کامیابی سے کاروبار بھی چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملازمت تلاش کرنے کے بجائے ملازمتیں پیدا کرنے کی سوچ اپنانی چاہیے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا، ’’بھارت کا مستقبل نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، اختراع اور کاروباری جذبے سے وابستہ ہے۔ صنعت کاری صرف روزگار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ روزگار پیدا کرنے، مسائل کے حل، نئی راہیں متعین کرنے اور قوم کی تعمیر میں حصہ لینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ روزگار کے متلاشی سے روزگار فراہم کرنے والے بننے کا سفر ہی بھارت کی ترقی کی اگلی داستان رقم کرے گا۔‘‘راجیہ سبھا رکن نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ، عزم اور تخلیقی قوت موجود ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو حکومت کی مختلف کاروباری اور اسٹارٹ اپ اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ نمائش میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کاروباری افراد کی شرکت نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے بلکہ مختلف ثقافتوں کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے، جس سے قومی یکجہتی مزید مستحکم ہوگی۔غلام علی کھٹانہ نے ’’نایاب ایونٹس‘‘ کے منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی نمائشیں خواتین کاروباریوں، دستکاروں، اسٹارٹ اپس اور ابھرتے ہوئے تاجروں کے لیے نہایت مفید ثابت ہو رہی ہیں۔










