جموں// کاروبار میں آسانی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر کے لئے نظرثانی شدہ صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لئے جاری مشاورتی عمل کے تحت کاروبار میں آسانی اور صنعتی پالیسی میں نظرثانی سے متعلق کمیٹی نے آج یہاں ادیوگ بھون میںصوبہ جموں کی مختلف صنعتی و تجارتی انجمنوں کے نمائندوں کے ساتھ اَپنی دوسری میٹنگ منعقد کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) خزانہ شیلندر کمار نے میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ ، زونل ہیڈ جے اینڈ کے بینک اشوک گپتا، ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں ڈاکٹر ارون منہاس، کمشنر سٹیٹ ٹیکسز پی کے بٹ سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے شراکت داروں سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی کے لئے طویل مدتی اور دیرپا حکمت عملی اَپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوںنے سبز توانائی کے اِستعمال اور کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی اقدامات اورریگو لیٹری اِصلاحات کو کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ وسیع تر عوامی مفاد کا تحفظ اور جامع اِقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ڈیزائن کیا جانا چاہیے۔اے سی ایس نے شرکأ کو بتایا کہ موجودہ سنگل وِنڈو سسٹم کے علاوہ حکومت ایز آف ڈوئنگ بزنس ایکٹ متعارف کرنے کے عمل میں ہے جس کا مقصد منظوریوں کے عمل کو آسان بنانا اور محکمہ جاتی اجازت ناموں کے حصول میں غیر ضروری تاخیر کو ختم کرنا ہے۔دورانِ میٹنگ شراکت داروں کی جانب سے گزشتہ مشاورتی دور میں پیش کی گئی تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا تاکہ مجوزہ صنعتی پالیسی میں عملی اِصلاحات کو شامل کیا جا سکے۔میٹنگ میں مختلف صنعتی انجمنوں کے اہم نمائندوں نے شرکت کی جن میں چیئرمین فیڈریشن آف اِنڈسٹریز جموں وریندر جین،چیئرمین پی ایچ ڈِی سی سی آئی جموں راکیش وزیر،چیئرمین اسوچیم جے اینڈ کے کونسل مانک بترا، نیشنل ایگزیکٹیو،لاگو ادھیوگ بھارتی پروین پرگل،صدر بڑی براہمنا اِنڈسٹریل ایسو سی ایشن للت مہاجن، چیئرمین آئی سی سی راہل سہائی، چیئرپرسن ایف آئی سی سی آئی۔فلو ورشا بنسل، ڈی 2 سی 1 انڈیا کے نیشنل چیئرمین ایم اے علیم،چیئرمین ایف اے ڈی اے سنجے اگروال، صدرسمال اینڈ ٹائنی اِنڈسٹری ہر ویندر سنگھ، صدرسی آئی سی۔جے اینڈ کے راکیش شرما کے علاوہ معروف صنعت کار اور محکمہ صنعت و حرفت کے سینئر اَفسران شامل تھے۔










