نائب وزیراعلیٰ نے کشمیر میں روایتی کان کنی کی سرگرمیوں کی بحالی پر میٹنگ کی صدارت کی

نائب وزیراعلیٰ نے کشمیر میں روایتی کان کنی کی سرگرمیوں کی بحالی پر میٹنگ کی صدارت کی

ریت، پتھر کی کان کنی اور ڈھیلے معدنی مواد کی بروقت نکاسی کے فیصلوں پر زورعوام کو تعمیراتی مواد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

سری نگر//نائب وزیراعلیٰ سریندر چوہدری نے زور دیا کہ کشمیر بھر میں ریت اور پتھر کی کان کنی اور ڈھیلے معدنی مواد کی نکاسی کے بارے میں فوری فیصلے کئے جائیں تاکہ عوام کو تعمیراتی مواد کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار کشمیر کے مختلف مقامات پر روایتی کان کنی اور پتھر کی کھدائی کی بحالی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ممبران قانون ساز اسمبلی جسٹس حسنین مسعودی، احسان پردیسی، ہلال اکبر لون، نظام الدین بٹ، جاوید حسن بیگ اور مشتاق احمد گورو نے شرکت کی۔ اِس کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ کان کنی ، ڈائریکٹر جیولوجی و مائننگ، ڈائریکٹرفائنانس مائننگ، جوائنٹ ڈائریکٹران اورڈِسٹرکٹ منرل اَفسران بھی موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کو مکمل طو رپر روکنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں پر پابندی کی وجہ سے تعمیراتی مواد کی کمی کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔اُنہوں نے میٹنگ کے شروعات میں اجلاس کے آغاز میںجموں و کشمیر کے لئے ایک جامع مائننگ پالیسی کی بروقت تشکیل پر زور دیا تاکہ معدنی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے کان کنی کے عمل میں شفافیت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کسی بھی ضلع میں غیر قانونی کان کنی کی اِجازت نہ دی جائے۔سریندر کمار چودھری نے کشمیر میں کان کنی سے وابستہ تمام کمپنیوں سے مؤثر طریقے سے رائلٹی وصول کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کان کنی سے متعلق زیر اِلتوا ٔجرمانوں اور عدالتی مقدمات کو جلد نمٹانے کی ہدایت دی۔دوران میٹنگ سری نگر کے پانتھہ چوک، بانڈی پورہ کے صدرکوٹ بالا اور دیگر نشاندہی شدہ مقامات پر روایتی پتھر کان کنی کی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اُنہوں نے ترقیاتی ضروریات اور ماحولیاتی دیرپائی کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ریگولٹیڈ کان کنی کے طریقۂ کار کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں کان کنی کی سرگرمیوں کی منظم بحالی کے مختلف طریقۂ کار کا جائزہ لیا گیا اور عوامی سہولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل پر غوروخوض کیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو باہمی اشتراک اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام فیصلے شفاف، ماحول دوست اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے کئے جائیں تاکہ ایک جانب تعمیراتی مواد کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور دوسری جانب ماحولیاتی توازن بھی برقرار رہے۔اُنہوں نے میٹنگ کے آغاز میں اضلاع میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں سے رائلٹی کی مؤثر وصولی پر زور دیا اور محکمہ کی بلا رکاوٹ کارکردگی کے لئے جرمانوں اور عدالتی مقدمات کے جلد نمٹانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔