کمیٹی کے کردار ، اِختیارات ، طریقۂ کار اور ذِمہ داریوں پر تبادلہ خیال
سری نگر//پبلک اَنڈر ٹیکنگس کی میٹنگ قانون ساز اسمبلی میں رُکن اسمبلی میر سیف اللہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں اراکین اسمبلی اعجاز احمد جان، پون کمار گپتا، شفیع احمد وانی، راجیو جسروٹیہ، مہر علی، Reyazریاض احمد خان، ارجن سنگھ راجو، رفیق احمد نائیک کے علاوہ چیئرمین بیورو آف پبلک انٹرپرائزز طلعت پرویز، سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت، اکاؤنٹنٹ جنرل تسوانگ تھرچن، ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز فیاض احمد لون اور محکمہ خزانہ و قانون ساز اسمبلی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے شروعات میں سیکرٹری قانون ساز اسمبلی نے چیئرمین اور ممبران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کمیٹی کے مقاصد اورکام کے بارے میںآگاہ کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد سرکاری کارپوریشنوں اور اِداروں پر قانون ساز نگرانی کو یقینی بنانا اور ان کی کارکردگی میں مؤثریت، کفایت شعاری اور جوابدہی کو فروغ دینا ہے۔اُنہوںنے ممبران کو کمیٹی کے کام کاج کے بارے میں بھی بتایا جس میں پبلک انڈرٹیکنگز سے متعلق سی اے جی کی آڈِٹ رپورٹ کی جانچ اور جائزہ لینا، بے ضابطگیوں یا نا اہلی کی نشاندہی کرنا، مالیاتی نظم و ضبط کی جانچ کرنا اور حکومت کی طرف سے لگائے گئے فنڈز کا صحیح اور معاشی اِستعمال کو یقینی بنانا، بدانتظامی کے معاملات کی تحقیقات اور جوابدہی کو یقینی بنانا وغیرہ شامل ہیں۔اجلاس کے دوران اراکین نے کمیٹی کی مؤثر کارکردگی، جوابدہی، شفافیت اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔اِس موقعہ پر چیئرمین میر سیف اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کی اہمیت پر زوردیااور پبلک سیکٹر اِداروں کی قانون سازی نگرانی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کمیٹی حکومت اور عوام کے درمیان ایک اہم رابطے کا کام کرتی ہے، عوامی شکایات کی نشاندہی اور ان کے ازالے میں مدد دیتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ مختلف عوامی منصوبوں کے مطلوبہ فوائد لوگوں تک مؤثر طریقے سے پہنچیں۔ممبران نے کمیٹی کے مؤثر کام کاج اور عوامی اداروں کے کام کاج میںجوابدہی، شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے اس کے مینڈیٹ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین نے اِس بات پر زور دیا کہ کمیٹی کی میٹنگ نتیجہ خیز ہونی چاہئیں اور عوامی مفاد میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے پر توجہ مرکوز ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے تمام ممبران سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور کمیٹی کے کام میں تعمیری کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اِجتماعی کوششیں اور بامعنی بات چیت کمیٹی کی مؤثریت میں اِضافے کے لئے ضروری ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ کمیٹی پبلک سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لینے، عوامی مفادات کے تحفظ اور عوامی وسائل کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اُنہوں نے ممبران پر زور دیا کہ وہ کمیٹی کو سونپی گئی ذِمہ داریوں کو نبھانے کے لئے لگن اور عزم کے ساتھ کام کریں۔
میٹنگ میں ممبران نے سرگرمی سے حصہ لیتے ہوئے کمیٹی کی کارکردگی سے متعلق مختلف امور پر اَپنی قیمتی تجاویز پیش کیں جن کا مقصد کمیٹی کے طریقۂ کار کو مزید مضبوط بنانا اور پبلک سیکٹر کی نگرانی و جانچ کی صلاحیت کو مضبوط کرنا تھا۔اِس سے قبل اکاؤنٹنٹ جنرل نے کمیٹی برائے پبلک اَنڈر ٹیکنگز کے کردار، اختیارات، طریقۂ کار اور ذِمہ داریوں پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن بھی پیش کی۔میٹنگ پبلک سیکٹر کے اداروں میں زیادہ سے زیادہ جوابدہی، شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے ، مؤثر قانون سازی کی نگرانی اور تعمیری مشاورت کے ذریعے عوامی مسائل کو حل کرنے کے عزم کے ساتھ اِختتام پذیر ہوئی۔










