گاندربل//کمشنر سیکرٹری اَمورِ نوجوان وکھیل کود محکمہ ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس انورادھا گپتا کے ہمراہ جمعرات کو یہاں گڈورہ میں گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن (جی سی او پی اِی) کا دورہ کیا۔اُنہوں نے کالج کے پرنسپل اور فیکلٹی ممبران کی موجودگی میں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں کالج کی تعلیمی کارکردگی، تحقیقی سرگرمیوں، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور کیمپس میں ترقی دی جا رہی دیگر سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اُنہوں نے جاری اور مجوزہ تعمیراتی کاموں کا معائینہ بھی کیا اور طالب علموں کے لئے تعلیمی و تربیتی سہولیات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر شاہد اِقبال نے کالج کی سپورٹس سائنس اینڈ ریسرچ لیبارٹری کا بھی دورہ کیا جہاں بیچلر آف فزیکل ایجوکیشن اور ماسٹر آف فزیکل ایجوکیشن کے طالب علموں نے انہیں کھلاڑیوں کی سائنسی جانچ اور تربیت کے لئے قائم جدید ٹیسٹنگ اور ٹریننگ سٹیشنوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ لیبارٹری میں اینتھروپومیٹرک پیمائش کے لئے سہولیات،ایتھلیٹک کارکردگی کا تجزیہ کرنے کے لئے فورس پلیٹ اینالیسز، رفتار اور پھرتی کی جانچ کے لئے میگنیٹک ٹائمنگ گیٹس، کرکٹ پرفارمنس اینالیسز سافٹ ویئر، بولنگ مشینیں، بی ایل ایس آلات اور سپورٹس سائنس سے متعلق متعدد جدید سہولیات موجود ہیں۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ کالج میں کھیلوں کی تعلیم، تحقیق اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لئے جدید ترین بنیادی ڈھانچے موجودہے۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کو ہدایت دی کہ دستیاب سہولیات کا بھرپور اور مؤثر اِستعمال یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کالج میں ڈپلوما اور سرٹیفکیٹ کورسز متعارف کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ اس موقعہ پر ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے بتایا کہ جون اور جولائی کے مہینوں میں جی سی او پی اِی میں متعدد ریفریشر اور سرٹیفکیشن کورسز منعقد کئے جائیں گے۔کمشنر سیکرٹری نے کالج کے طالب علموںکے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے تاثرات اور تجاویزبغور سُنا اور انہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اُنہوں نے کھیلوں اورفزیکل تعلیم میں ایک بہترین اِدارے کے طور پر جی سی او پی اِی کی ترقی کے لئے اَپنے ویژن کا بھی اِشتراک کیا۔ڈاکٹر سہیل احمد میرنے جائزہ میٹنگ اور طلبأ کی بات چیت کے موقعہ پر کمشنر سیکرٹری کی ہدایات پر ’’ فزیکل ایجوکیشن، سپورٹس سائنس، فزیوتھراپی اور ہیلتھ سائنس کے درمیان فرق کو ختم کرنا‘‘ کے موضوع پر ایک مؤثر اور معلوماتی پرزنٹیشن بھی پیش کی۔بعد کمشنر سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ نے کالج کیمپس میں جاری مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے نوجوان کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی جن میں ضلع یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آفیسر گاندربل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا اِنٹرزون بیڈمنٹن مقابلہ بھی شامل تھا۔ اُنہوں نے کھلاڑیوں کی توانائی، کھیل کے جذبے اور مسابقتی صلاحیتوں کو سراہا۔دورے کے دوران ضلع یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آفیسر گاندربل سمیت محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔










