کاکامیگوہارا (جاپان)/یواین آئی// ہندوستانی ہاکی ٹیم نے خواتین کے انڈر18 ایشیا کپ 2026 کے اپنے آخری پول اے میچ میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگاپور کو25-0 کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ اس یکطرفہ اور تاریخی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے پول مرحلے کے اپنے تمام میچ جیتنے کا ناقابلِ شکست ریکارڈ برقرار رکھا اور پول اے ‘میں پہلا مقام حاصل کرتے ہوئے شان سے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ہندوستانی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ بنائے رکھا اور آخری منٹ تک حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس میچ کی خاص بات یہ رہی کہ ہندوستان کی10 مختلف کھلاڑیوں نے گول اسکور کیے ۔ ہندوستان کی جانب سے نوشین ناز سب سے کامیاب اسکورر رہیں، جنہوں نے میچ میں ریکارڈ7 گول (8ویں، 13ویں، 17ویں، 18ویں، 40ویں، 52ویں اور 58ویں منٹ) بناتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرگیت شری نامی کو پلیئر آف دی میچ قرارد دیا گیا ہے، انہوں نے ٹیم کے لیے 5 گول کیے ۔ کپتان سویٹی کجور نے میچ کی ابتدائی منٹوں میں ہی ٹیم کو برتری دلائی اور مجموعی طور پر4 گول بنائے ۔پرینکا منج نے میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 3 گول کیے ۔دیگر کھلاڑیوں میں دیا، نینسی سروہا، شروتی کماری، پشپا مانجھی، رشمین کور اور سندیپ کماری نے بھی فی کس ایک گول کرکے اس تاریخی جیت میں اپنا حصہ ادا کیا۔ملائیشیا، کوریا اور اب سنگاپورکو شکست دینے کے بعد ہندوستانی ٹیم پول اے میں 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی۔ پول مرحلے میں ہندوستان کا ریکارڈ انتہائی شاندار رہا ہے ۔ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ کس ٹیم سے ہوگا، اس کا فیصلہ آج پول بیکے میچز مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ہندوستانی ٹیم اور خاص کر نوشین نے جس طرح مظاہرے کئے ہیں اس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ ہندوستان ایک اور ٹرافی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گیا۔










