نو راتری کا آغاز : وزیر اعظم مودی اور لیفٹنٹ گورنر کی عوام کو مبارک باد

نو راتری کا آغاز : وزیر اعظم مودی اور لیفٹنٹ گورنر کی عوام کو مبارک باد

سرینگر/این این بی // نو راتری کے آغاز پر وزیر اعظم مودی اور جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ملک کے عوام کو مبارک باد پیش کی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے نو راتری کے آغاز پر ملک کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دیوی درگا کی پہلی شکل ماں شیل پتری کے حضور عقیدت کا اظہار کیا اور ملک میں امن، صبر اور خود اعتمادی کے فروغ کے لیے دعا کی۔وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں ماں شیل پتری کو امن، پاکیزگی اور طاقت کی علامت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی الٰہی برکتیں ہمیشہ ملک کے عوام پر قائم رہیں گیمودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ نو راتری کے مقدس آغاز پر وہ ماں شیل پتری کے قدموں میں بے شمار عقیدت مندانہ سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ دیوی کی برکت سے ہر فرد کے دل میں صبر اور خود اعتمادی کی روشنی پیدا ہو اور ملک کے لوگوں پر ہمیشہ ماں کا آشیرواد قائم رہے۔اسی دوران جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے نو راتری کے آغاز کے موقع پر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ نو راتری کا تہوار اتوار، 11 اکتوبر 2026 سے شروع ہو رہا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ وہ نو راتری کے مقدس موقع پر سبھی لوگوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماں درگا کی عبادت کے نو مقدس دنوں کے آغاز پر سچائی، راست بازی اور نیکی کی برائی پر ابدی فتح کا جشن منایا جاتا ہے۔منوج سنہا نے دعا کی کہ دیوی درگا اپنی الٰہی برکتوں سے ہر خاندان کو نوازیں اور لوگوں کی زندگیوں میں اچھی صحت، خوشی اور خوشحالی عطا کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار عوام کے لیے امن، سکون اور خوشیوں کا پیغام لے کر آئے گا۔