پہلے روز عقیدت مندوں کا بھاری رش اُمڈ آیا،خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر سروس معطل
سرینگر/ / این این بی // جموں ضلع کے ریاسی میں واقع ترکوٹہ پہاڑیوں پر ویشنو دیوی کے مقدس مندر میں اتوار کو نو راتری کے تہوار کا آغاز مذہبی جوش و خروش اور عقیدت مندانہ ماحول میں ہوا۔ تہوار کے پہلے ہی دن بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے مندر پہنچ کر ماتا کے درشن کیے، جس کے باعث مندر اور اس کے اطراف میں زبردست گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق ماتا ویشنو دیوی مندر میں نو راتری کا آغاز کے ساتھ ہی عقیدت مندوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا ۔ حکام کے مطابق خراب موسمی حالات کے باوجود یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ عقیدت مند مذہبی نعروں اور بھجنوں کے درمیان ماتا ویشنو دیوی کے دربار میں حاضری دے کر دعائیں مانگتے رہے۔ تاہم، ناموافق موسم کے پیش نظر اتوار کے روز ہیلی کاپٹر سروس معطل رہی۔ہیلی کاپٹر سروس متاثر ہونے کے باوجود یاتریوں نے پیدل یاترا جاری رکھی۔ ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی جانب سے عقیدت مندوں کی حفاظت، بھیڑ کو منظم کرنے اور یاترا کو سہل بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔مندر پہنچنے والے عقیدت مندوں نے شرائن بورڈ کے انتظامات، خصوصاً ماتا کے بھون کی پھولوں سے سجاوٹ اور بھیڑ کو منظم کرنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بہار سے تعلق رکھنے والے عقیدت مند پنکج کمار نے بتایا کہ وہ گزشتہ آٹھ برسوں سے مسلسل نو راتری کے پہلے دن ماتا کے درشن کے لیے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مرتبہ یہاں آ کر انہیں روحانی سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ ان کے مطابق لاکھوں عقیدت مندوں کی آمد کے باوجود انہیں کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔دہلی سے آئی پوجا نے، جو پہلی مرتبہ نو راتری کے دوران ماتا کے دربار میں حاضر ہوئی تھیں، اپنے تجربے کو روحانی طور پر انتہائی پ ±رسکون قرار دیا۔ انہوں نے بھون کو سجانے کے لیے مقامی فنکاروں کو موقع فراہم کرنے کے شرائن بورڈ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی فن اور ثقافت کو فروغ ملے گا اور فنکاروں کے کام کو وسیع سطح پر پہچان حاصل ہوگی۔نو راتری کے دوران عقیدت مندوں کی متوقع بڑی تعداد کے پیش نظر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، ادھم پور-ریاسی رینج، شیو کمار شرما نے فوج اور مرکزی مسلح پولیس فورسز کے ساتھ کٹرہ قصبے میں سکیورٹی انتظامات کا مشترکہ جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مکمل چوکسی برقرار رکھیں، گشت میں اضافہ کریں، مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل یقینی بنائیں اور یاتریوں کی نقل و حرکت کو منظم رکھیں تاکہ تہوار کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔حکام کے مطابق شرائن بورڈ اور سکیورٹی ایجنسیاں نو راتری کے دوران عقیدت مندوں کی سہولت، حفاظت اور بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔










