ویری ناگ اننت ناگ میں آگ کی ہولناک واردات

ویری ناگ اننت ناگ میں آگ کی ہولناک واردات

پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ، لاکھوں روپے کا سامان راکھ میں تبدیل

سرینگر/ / این این بی // جنوبی ضلع اننت ناگ کے تھمنہ کوٹ ویری ناگ علاقے میں آگ کی ہولناک واردارت میں پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ نورباغ سرینگر میں آتشزدگی کے دوران جان بچانے کی کوشش میں کھڑکی سے چھلانگ لگانے کے بعد خاتون جاں بحق ہو گئیں ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) نمائندے کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے ویری ناگ مضافات میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب تھمنہ کوٹ علاقے میں دن دھاڑے آگ کی ایک ہولناک وادار ت رونما ہوئی ۔ نمائندے نے عین شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہولناک رخ اختیار کر لی اور اپنے ساتھ دیگر مکانوں کو بھی لپیٹ میں لیا ۔ عین شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کو مطلع کیا جنہوں نے موقعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کیلئے کارورائی شروع کردی تاہم جب تک آگ پر قابو پا لیا گیا تب تک پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے تھے اور ان میں موجود تمام ساز و سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا تھا ۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تھمنہ کوٹ ویری ناگ میں اتوار کی دوپہر بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ رہائشی مکانات آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ فائر فائٹرز شعلوں کو بجھانے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کارورائی شروع کردی تاہم جب تک آگ پر قابو پا لیا گیا تب تک پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے تھے اور ان میںموجود ساز وسامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آگ سے ہونے والے نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر سرینگر کے نورباغ علاقے میں اتوار کو ایک رہائشی مکان میں آگ لگنے کے بعد جان بچانے کی کوشش میں تیسری منزل کی کھڑکی سے چھلانگ لگانے والی خاتون شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ بیٹھی۔حکام کے مطابق یہ واقعہ نورباغ کے جہانگیر محلہ میں پیش آیا، جہاں تین منزلہ رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کے مطابق، خاتون اس وقت مکان کی تیسری منزل پر موجود تھی۔آگ سے بچنے کی کوشش میں خاتون نے کھڑکی سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔ اسے فوری طور پر ایس ایچ ایم ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت حلیمہ شیخ زوجہ گلزار احمد شیخ، ساکن نورباغ سرینگر،کے طور پر ہوئی۔اسپتال کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھی۔ادھر، واقعے کے سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔