جموںوکشمیر میں دو روزہ خصوصی ووٹر اِندراج مہم اِختتام پذیر

جموںوکشمیر میں دو روزہ خصوصی ووٹر اِندراج مہم اِختتام پذیر

گھر گھر رابطہ مہم نے اِس بات کو یقینی بنانے کی کوششیں تیز کہ کوئی بھی اہل ووٹر اِندراج سے محروم نہ رہے

سری نگر// جموں و کشمیر میں دو روزہ خصوصی ووٹر اِندراج مہم اِختتام پذیر ہوئی۔اِس مہم کے دوران ووٹروں کی جانب سے زبر دست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جبکہ اِنتخابی عملے نے ووٹر رجسٹریشن کو آسان بنانے، عوامی شکایات کے اَزالے اور اِنتخابی خدمات کے بارے میں بیداری پیداکرنے کے لئے بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم چلائی۔10 اور 11 ؍اکتوبر کو منعقد ہ یہ مہم یونین ٹیریٹری کے تمام پولنگ سٹیشنوں پر دونوں دن صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ اِس مہم اہل شہریوں کو ووٹر کے طور پر اَپنا اِندراج کرنے، اَپنی اِنتخابی تفصیلات میں درستگی یا اَپ ڈیٹ کروانے اور اِنتخابی اِندراج سے متعلق معاملات میںمدد حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ۔ اِس مہم کا بنیادی مقصد الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما اصول ’’کوئی بھی اہل ووٹر اندراج سے محروم نہ رہے‘‘ کو یقینی بنانا تھا۔یہ مہم چیف الیکٹورل آفیسرجموں و کشمیر، سنجیو ورما کی مجموعی نگرانی میں چلائی گئی جبکہ ضلع سطح کی انتخابی مشینری نے انتظامات میں تال میل قائم کرتے ہوئے پوری یونین ٹیریٹری میں ووٹر اِندراج کی خدمات کی فراہمی میں سہولیت فراہم کی۔
ضلع الیکشن اَفسران، الیکٹورل رجسٹریشن اَفسران، ڈپٹی ڈائریکٹر اِنفارمیشن (نوڈل آفیسر سویپ( ایس وِی اِی اِی پی )، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن اَفسران اور الیکشن نائب تحصیل داروں (اِی این ٹیز) نے اَپنے اَپنے دائرہ اِختیار میں اس مہم کی نگرانی کی جبکہ بوتھ لیول اَفسران (بی ایل اوز) نے پولنگ سٹیشنوں اور زمینی سطح پر ووٹروں کی رہنمائی اور معاونت میں کلیدی کردار اَدا کیا۔بوتھ لیول اَفسران پولنگ سٹیشنوں پر موجود رہے تاکہ شہریوں کو ووٹر رجسٹریشن کے مقررہ ضابطوں اور طریقۂ کارکے بارے میں رہنمائی فراہم کرسکیں ۔ اِس دوران فارم نمبر 6، فارم نمبر 7 اور فارم نمبر 8 سے متعلق معاونت فراہم کی گئی۔ شہریوں کو ’ووٹر ہیلپ لائن ایپ‘ کے ذریعے ڈیجیٹل خدمات تک رَسائی حاصل کرنے کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی گئی۔مہم کے دوران ووٹروں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل اور سوالات کو متعلقہ اِنتخابی عملے نے حل کرنے اور مناسب کارروائی کیلئے زیرِ غور لایا۔ لوگوںکو متعلقہ اَفسران کے رابطہ نمبر بھی فراہم کئے گئے تاکہ وہ براہِ راست رابطہ قائم کرکے اَپنے اِنتخابی کوائف اور ووٹر اِندراج سے متعلق معاملات میں مدد حاصل کر سکیں۔
الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر بھر میں اِنتخابی عملہ عوام کی معاونت، شکایات کے اَزالے اور ووٹروں کے اندراج سمیت انتخابی امور پر رہنمائی فراہم کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے دستیاب ہے۔ الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے مزید وضاحت کی کہ ہر اہل شہری بشمول نوجوانوں اور پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے ووٹروں کو مسلسل نظرثانی کے عمل کے تحت متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (اِی آر او) کے پاس اِنتخابی فہرست میں اَپنا نام شامل کرنے کے لئے درخواست دینے کا حق حاصل ہے۔دریں اثنا، اِس خصوصی مہم کا ایک اہم حصہ گھر گھر جا کر رابطہ قائم کرنا اور اِنتخابی اَفسران و اہلکاروں کی جانب سے معائینہ کرتے ہوئے اہل ووٹروں کی نشاندہی اور ان تک رسائی حاصل کرنا تھا۔ اِس رابطہ مہم کا مقصد اہل شہریوں کو ووٹر اِندراج کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینا بھی تھا۔
چیف الیکٹورل آفیسرجموں و کشمیر کے دفتر میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر اِنفارمیشن اور نوڈل آفیسر سویپ ( ایس وِی اِی اِی پی) سلام دین نے مہم کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی اورووٹروںمیں بیداری پیدا کرنے، اِندراج کی سہولیات کو آسان اور قابلِ رسائی بنانے اور انتخابی عمل میں عوام کی مسلسل شرکت کی اہمیت پر زور دِیا۔ اُنہوں نے اِس بات کا بھی اعتراف کیا کہ مہم کے بارے میں معلومات عوام تک پہنچانے اور ووٹروں کے اِندراج کے حوالے سے بیداری بڑھانے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔دو روزہ مہم الیکشن کمیشن آف انڈیا اور جموں و کشمیر کے الیکشن ڈیپارٹمنٹ کی ان مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے جن کا مقصد اِنتخابی اِندراج کے عمل کو زیادہ قابلِ رسائی اور سب کی شمولیت کا حامل بنانا ہے۔ یہ مہم درست اور جامع ووٹر فہرستوں کی اہمیت کو بھی اُجاگر کرتی ہے تاکہ ہر اہل شہری کو جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقع مل سکے۔الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے موجودہ مہم کے اِختتام پر اَپنے عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے کیمپوں اور ووٹروں کو سہولیات فراہم کرنے کی مہمات کو باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا رہے گا۔