وزیر اعلیٰ نے گنڈولہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے نایب وزیر اعلیٰ کو گلمرگ بھیجا

صورتحال قابو میں ، زیادہ تر پھنسے کیبن خالی کر دئیے گئے ، سیاحوں کو محفوظ طریقے سے نکالا جا رہا ہے

سرینگر /گلمرگ//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ کی ہدایات پر نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری گلمرگ پہنچے اور گنڈولہ سروس کے تکنیکی خرابی کی وجہ سے عارضی طور پر بند ہونے کے بعد ریسکیو آپریشن کی ذاتی نگرانی کی ۔ گلمرگ کے ایم ایل اے پیر زادہ فاروق احمد شاہ کے ہمراہ سینئر انتظامی اور پولیس افسران بھی موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے صورتحال کی قریبی نگرانی اور ریسکیو آپریشن میں مدد کی ۔ جموں و کشمیر حکومت گلمرگ گنڈولہ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ، جہاں تکنیکی خرابی کی وجہ سے کیبل کار سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی تھی ۔ حکام نے بتایا کہ تمام کیبنز محفوظ ہیں اور تربیت یافتہ ریسکیو ٹیمیں زمین پر متحرک ہیں جو پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے میں مصروف ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جاری ریسکیو آپریشنز کا جائیزہ لیا اور تمام متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ باقی ماندہ مسافروں کو تیز ، ہم آہنگ اور محفوظ طریقے سے نکالا جائے ۔ حکام نے کہا کہ پھنسے ہوئے زیادہ تر کیبنز کو پہلے ہی کلئیر کر لیا گیا ہے اور باقی لوگوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کسی قسم کی گھبراہٹ کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔