نائب وزیر اعلیٰ نے گلمرگ میں گنڈولہ کی تکنیکی خرابی کے بعد ریسکیو آپریشن کا جائیزہ لیا

بچائے گئے سیاحوں سے ملاقات کی ، حفاظتی اقدامات اور خدمات کی جلد بحالی پر زور دیا

گلمرگ//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چوہدری گلمرگ پہنچے جہاں گنڈولہ سروس میں تکنیکی خرابی کے باعث شروع کئے گئے ریسکیو آپریشن کا جائیزہ لیا ۔ مشکل علاقہ اور پھسلن بھری حالت کے باوجود ، جو کہ تیز ڈھلوانوں پر مسلسل نقل و حرکت کی وجہ سے پیدا ہوئی تھی ، نائب وزیر اعلیٰ نے خود ریسکیو مقامات کا دورہ کیا اور مشکل حالات میں ریسکیو ٹیموں کی لگن اور پیشہ وارانہ کارکردگی کو سراہا ۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے زمینی صورتحال کا جائیزہ لیا اور گنڈولہ بیس اسٹیشن ، کیبنوں اور متعلقہ انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام ضروری حفاظتی پروٹوکولز کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے اور سیاحوں و مقامی لوگوں کی سہولت کیلئے خدمات کی جلد از جلد بحالی پر زور دیا ۔ اس موقع پر سیاحوں اور حکام سے بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے ریسکیو آپریشن میں ملوث سول ایڈمنسٹریشن ، پولیس ، آرمی ، ڈیزاسٹر رسپانس فورس ( ڈی آر ایف ) ، مقامی گائیڈز اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کی ہم آہنگ کاوشوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ’’ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر میں نے خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی اور میں خوشی سے کہہ سکتا ہوں کہ تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا ہے ۔ ‘‘ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام ایجنسیوں کے فوری ردِ عمل اور قریبی ہم آہنگی نے ہر مسافر کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنایا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے مزید یقین دہانی کرائی کہ اس واقعے کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کی جائے گی جس کے بعد مناسب اقدامات اٹھائے جائیں گے تا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو دوبارہ پیش آنے سے روکا جا سکے ۔ اس موقع پر سول ، پولیس اور فوج کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔