حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دِلایا،ملزموں کو سخت سزا دینے پر زور
بڈگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے بڈگام میں سوگوار کنبے کے افرادسے ملاقات کی اور علاقے کوہلادینے والے افسوسناک واقعے پر ان سے اظہارِ تعزیت اور یکجہتی کیا۔وزیر موصوفہ نے لواحقین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس المناک اور ناخوشگوار واقعے پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا اورانہیں یقین دِلایا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومت پوری مضبوطی کے ساتھ ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ متاثرہ کنبہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔اُنہوںنے اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت افسوسناک اور ایک مہذب معاشرے کے لئے ناقابلِ قبول قرار دیا۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ اس گھناونے فعل میں ملوث اَفراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے۔اِس موقعہ پر وزیرموصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ر)حسنین مسعودی اورممبراسمبلی زینہ پورہ شوکت حسین گنائی بھی تھے۔










