جموں و کشمیر میں محفوظ سڑکوں اور اسمارٹ ٹریفک نظام کیلئے جامع حکمت عملی

جموں و کشمیر میں محفوظ سڑکوں اور اسمارٹ ٹریفک نظام کیلئے جامع حکمت عملی

حادثات میں کمی، ای چالان، آئی ٹی ایم ایس اور ہائی ٹیک نگرانی نظام مزید مؤثر // چیف سیکریٹری

سرینگر// یو این ایس// چیف سیکریٹری اتل ڈلونے جموں و کشمیر میں ٹریفک نظام کو محفوظ، جدید اور مؤثر بنانے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے سڑک حادثات میں کمی، ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال اور قانون نافذ کرنے والے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔یہ جائزہ اجلاس سرینگر میں منعقد ہوا جس میں اعلیٰ حکام بشمول محکمہ صحت، داخلہ، قانون، ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس اور نیشنل انفارمیٹکس سینٹر کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کمیٹی برائے روڈ سیفٹی کی سفارشات پر عملدرآمد، ای چالان نظام، ہٹ اینڈ رن معاوضہ نظام اور جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹمز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔یو این ایس کے مطابق چیف سیکریٹری نے حالیہ اودھم پور حادثے میں 21 افراد کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام اضلاع سے حادثات کی تفصیلی رپورٹس طلب کی جائیں اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے سالانہ ایکشن پلان تیار کریں اور بلیک اسپاٹس (حادثہ خیز مقامات) کی فوری نشاندہی و بہتری کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں اور اہم سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو مشن موڈ پر لیا جائے۔اجلاس میں ای چالان نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کو مکمل طور پر مؤثر بنایا جائے تاکہ شفافیت، جوابدہی اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ حادثہ خیز مقامات کی بہتری کیلئے ایک علیحدہ فنڈ ہیڈ قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے جبکہ بی آر ائو، این ایچ اے آئی، این ایچ آئی ڈی سی ایل جیسے اداروں کو بھی اپنی سڑکوں کیلئے مخصوص وسائل مختص کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس کے علاوہ چیف سیکریٹری نے شہری علاقوں میں تجاوزات کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک جام کی صورتحال پر سخت نوٹس لیتے ہوئے جموں میونسپل کارپوریشن اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ انسداد تجاوزات مہم کو تیز کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے۔اجلاس میں اسکول ٹرانسپورٹ کی حفاظت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ چیف سیکریٹری نے اسکول بسوں کا جامع آڈٹ کرنے کی ہدایت دی تاکہ حفاظتی معیار اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔صحت کے شعبے میں ٹراما کیئر نظام کے حوالے سے چیف سیکریٹری نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں آرتھوپیڈکس، نیورو سرجری اور اینستھیزیا جیسی سہولیات 24 گھنٹے دستیاب ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹراما اور کریٹیکل کیئر بلاکس کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک نظام کو جدید بنانے کیلئے ای-ڈی اے آر اور ای-کورٹ پورٹلز کو فعال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔یو این ایس کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی سیکریٹری ایونی لواسہ نے اجلاس کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں روڈ سیفٹی پالیسی 2025 پہلے ہی نافذ کی جا چکی ہے اور ایک جامع ایکشن پلان ترتیب دیا گیا ہے جس میں بلیک اسپاٹس کی بہتری، ٹریفک کنٹرول سسٹمز، پارکنگ پالیسی، بس روٹس کی تنظیم نو اور جدید حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے بتایا کہ آئی ٹی ایم ایس کے ذریعے لاکھوں چالان جاری کئے جا چکے ہیں، جبکہ حادثات سے متاثرہ افراد کیلئے معاوضہ فنڈ سے اربوں روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے۔چیف سیکریٹری نے آخر میں تمام محکموں کو ہدایت دی کہ باہمی رابطہ اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا جائے تاکہ جموں و کشمیر میں سڑک حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے اور ایک محفوظ، جدید اور مؤثر ٹرانسپورٹ نظام قائم کیا جا سکے۔