بارہمولہ//وزیر برائے زراعت ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن مسٹر جاوید احمد ڈار نے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد میں ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کا وسیع دورہ کیا اورزراعت اور باغبانی کے شعبوں کو ہونے والے نقصانات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران وزیر نے متاثرہ زرعی کھیتوں اور باغات کا موقع پر معائنہ کیا ، جہاں حالیہ ژالہ باری اور خراب موسمی حالات کے باعث کھڑی فصلوں اور پھلوں والے پودوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کسانوں ، باغبانوں اور مقامی رہائشیوں سے بات چیت کی ، جنہوں نے انہیں ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا اور حکومت سے فوری مداخلت کی درخواست کی ۔ کاشتکاری برادری کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر جاوید ڈار نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت اس مشکل دور میں ان کی مدد کیلئے پوری طرح پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں اور باغات کے نقصانات کے تمام حقیقی معاملات کا بغور جائیزہ لیا جائے گا اور حکومتی اصولوں کے مطابق امدادی اقدامات میں توسیع کی جائے گی ۔ وزیر نے مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’ کسانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ متاثرہ کاشتکاروں کو ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ‘‘۔ انہوں نے زراعت اور باغبانی کے محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ایک جامع فیلڈ سروے کریں اور جلد از جلد تفصیلی اسیسمنٹ رپورٹ پیش کریں تا کہ بروقت معاوضہ اور امدادی اقدامات میں آسانی ہو سکے ۔ دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کشمیر اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی تھے ۔










