جموں میں ڈرون کے ذریعے گرائی گئی دو کلو ہیروئن برآمد، سرحد پار نیٹ ورک کی تحقیقات شروع
سرینگر// یو این ایس//جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے کاروبار اور اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے تحت سرینگر اور جموں میں دو بڑی کارروائیاں انجام دیتے ہوئے ایک جانب مبینہ منشیات فروش کی غیر قانونی جائیداد منہدم کر دی جبکہ دوسری جانب بین الاقوامی سرحد کے نزدیک ڈرون کے ذریعے گرائی گئی تقریباً دو کلو ہیروئن ضبط کر لی۔یو این ایس کے مطابق سرکاری حکام کے مطابق سرینگر پولیس نے ‘‘نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان’’ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے لال بازار علاقے میں ایک مطلوب منشیات فروش سے وابستہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی تعمیر کو منہدم کر دیا۔پولیس اسٹیشن لال بازار کی ٹیم نے ہاکا بازار میں سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے دو منزلہ غیر قانونی ڈھانچے، ملحقہ کمرے اور واش روم کو مسمار کیا۔ پولیس کے مطابق یہ جائیداد تقریباً نو مرلہ اراضی پر تعمیر کی گئی تھی اور اس کا تعلق مبینہ طور پر منشیات فروش ارشد احمد شیخ ولد ولی محمد شیخ ساکن ہاکا بازار لال بازار سے تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔ ان میں پولیس اسٹیشن جانی پور جموں میں درج ایف آئی آر نمبر 31/2025 اور پولیس اسٹیشن لال بازار میں درج ایف آئی آر نمبر 50/2025 شامل ہیں۔کارروائی ایگزیکٹو مجسٹریٹ خانیار اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے افسران کی موجودگی میں انجام دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ یہ اقدام منشیات کے کاروبار سے حاصل غیر قانونی اثاثوں اور مالی نیٹ ورک کو ختم کرنے کی جاری مہم کا حصہ ہے۔پولیس نے کہا کہ کارروائی پرامن ماحول میں مکمل نگرانی کے تحت انجام دی گئی اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات فراہم کرکے پولیس کا تعاون کریں۔ادھر جموں ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک بشناہ سیکٹر میں پولیس نے ڈرون کے ذریعے گرائی گئی تقریباً دو کلو ہیروئن ضبط کر لی۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک ہفتے تک جاری نگرانی کے بعد انجام دی گئی۔پولیس کے مطابق بہادر خان پنچایت علاقے میں ایک مقامی کسان نے کھیت میں کام کے دوران مشتبہ پیکٹ دیکھا جس کے بعد اس نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی بی ایس ایف اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔حکام نے بتایا کہ پولیس نے ممکنہ مقامات پر مسلسل نگرانی رکھی ہوئی تھی اور منشیات کی یہ بڑی کھیپ اپنے مقامی نیٹ ورک تک پہنچنے سے پہلے ہی ضبط کر لی گئی۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ضبط شدہ ہیروئن کا وزن ڈیڑھ سے دو کلوگرام کے درمیان ہے۔فارنزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا گیا تاکہ برآمد شدہ مواد کا سائنسی معائنہ اور شواہد اکٹھے کئے جا سکیں۔ حکام کے مطابق اس معاملے میں پاکستان سے جڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اس کے آگے اور پیچھے موجود روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔










