بہار اور جھارکھنڈ حکومتی ایشورنس کمیٹیوں کی سپیکر قانون ساز اسمبلی سے ملاقات

بہار اور جھارکھنڈ حکومتی ایشورنس کمیٹیوں کی سپیکر قانون ساز اسمبلی سے ملاقات

سری نگر//بہار قانون ساز کونسل کی کمیٹی برائے حکومتی ایشورنس کمیٹی، بہار قانون ساز اسمبلی کی اقلیتی بہبود کمیٹی اور جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی حکومتی ایشورنس کمیٹی کے وفود نے آج جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا دورہ کیا اورسپیکرقانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر سے ملاقات کی۔سپیکرموصوف نے وفود کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی حکومتی ایشورنس کمیٹیاںحکمرانی میں جوابدہی اور شفافیت یقینی بنانے میں اہم کردار اَدا کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کی کمیٹیوں کے ساتھ روابط ملک کے مختلف قانون ساز نظاموں کو سمجھنے کے لئے ضروری ہیں اور اسی باہمی تعاون کے ذریعے جمہوری اَقدار کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔یہ اعلیٰ سطحی دورہ دو طرفہ معلوماتی تبادلے پر مرکوز تھا جس کا مقصد قانون ساز اِداروں کے کام کے طریقۂ کار اور کمیٹیوں کے عملی امور سے متعلق باہمی فہم کو فروغ دینا تھا۔یہ دورہ قانون ساز اداروں کے درمیان بین ریاستی تعاون کو فروغ دینے میں بھی ایک اہم قدم ہے۔دورانِ ملاقات وفود نے بہترین طریقوں کا اِشتراک کیا اور یقین دہانی کے عمل کے ذریعے حکومت کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے استعمال کئے جانے والے اِرتقائی طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کیا۔وفود نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے کام کاج کو سراہتے ہوئے دورے کے دوران معلومات اور تجربات کے تبادلے پر اطمینان کا اِظہار کیا۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ ایسے پارلیمانی تبادلے مضبوط اور متحد جمہوری نظام کی بنیاد ہوتے ہیں اور مختلف خطوں کے درمیان مسلسل رابطے کو فروغ دیتے ہیں۔