مشیر ناصر اسلم وانی نے جموں میں موسم گرما ، یاترا اور عید کی تیاریوں کا جائیزہ لیا

مشیر ناصر اسلم وانی نے جموں میں موسم گرما ، یاترا اور عید کی تیاریوں کا جائیزہ لیا

یاترا اور عید سیزن کے دوران بلا تعطل یوٹیلیٹیز ، مناسب ضروری اسٹاک ، مضبوط ٹریفک منیجمنٹ اور منافع خوری کے خلاف اقدامات کی ہدایت

جموں//وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی نے جموں ڈویژن میں موسم گرما کی تیاریوں ، یاترا کے انتظامات ، خوراک اور ضروری سامان کی دستیابی اور عید الاضحی کی تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے سینئر افسران کے ساتھ منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں ، ڈی آئی جی ٹریفک جموں ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ، منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل ، ڈپٹی کمشنر جموں ، مختلف محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ شروع میں ڈویژنل کمشنر جموں نے میٹنگ کو ڈویژن بھر میں موسم گرما کی مجموعی تیاریوں کے بارے میں بتایا جس میں مختلف محکموں کی طرف سے گرمی کے موسم کے دوران بلا تعطل عوامی خدمات کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات شامل تھے ۔ انہوں نے خطے میں جاری بڑے ترقیاتی کاموں کا جائیزہ بھی پیش کیا جن میں سڑکیں ، شاہراہیں ، پُل اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شامل ہیں ۔ میٹنگ کو بتایا گیا کہ مغربی ایشیا میں موجودہ بحران کے پیش نظر جموں ڈویژن میں غذائی اجناس اور ایندھن سمیت ضروری اشیاء کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے اور کسی بھی خلل سے بچنے کیلئے سپلائی کو مسلسل بحال رکھا جا رہا ہے ۔ ڈویژنل کمشنر نے میٹنگ کو جموں ڈویژن میں آنے والی شری امر ناتھ جی یاترا ، مچیل ماتا یاترا اور بڈھا امر ناتھ جی یاترا کیلئے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بھی بتایا ۔ میٹنگ میں جموں خطے میں بجلی کی سپلائی کی موجودہ صورتحال کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل نے اجلاس کو بجلی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور گرمیوں کے مہینوں میں صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا ۔ میٹنگ میں جموں خطہ میں آئندہ عید الاضحی کو خوش اسلوبی سے منانے کیلئے کئے جانے والے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ تہوار کے دوران بلیک مارکیٹنگ ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی روک تھام کیلئے مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تہوار کے دوران ضروری اشیاء کی دستیابی اور ہموار شہری خدمات کو یقینی بنانے کیلئے تمام محکمے تال میل سے کام کر رہے ہیں ۔ میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے مشیر نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور جل شکتی محکمے کو ہدایت دی کہ گرمی کے موسم میں بلا تعطل بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ تمام ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کو گرمی سے ہونے والی بیماریوں سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر لیس رکھا جائے ۔ انہوں نے ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ وہ قومی شاہراہ کے کمزور حصوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو مناسب طریقے سے منظم کریں اور یاترا کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات کو یقینی بنائیں ۔