20 مقامات پر بیک وقت چھاپے،K9 اسکواڈوں کی شمولیت
سرینگر//یو این ایس//جنوبی کشمیر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے خلاف پولیس نے اتوار کے روز ایک بڑی، مربوط اور منظم کارروائی انجام دیتے ہوئے اننت ناگ ضلع کے 20 مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی منشیات فروشوں، ان کے سہولت کاروں، مالی معاونین اور مبینہ نیٹ ورک کے مرکزی کرداروں کے خلاف جاری وسیع مہم کا حصہ ہے۔یو این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ کارڈن اینڈ سرچ آپریشن خصوصی طور پر تشکیل دی گئی پولیس ٹیموں نے سینئر افسران کی براہ راست نگرانی میں انجام دیے۔ کارروائیوں کی بنیاد نیشنل نارکوٹکس ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت درج مقدمات اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے حاصل کی گئی مصدقہ معلومات پر رکھی گئی تھی۔آپریشن کے دوران پولیس نے K9 ڈاگ اسکواڈز کو بھی تعینات کیا تاکہ مشکوک مقامات، خفیہ ٹھکانوں، نقل و حرکت کے راستوں اور ممکنہ ذخیرہ گاہوں کی مکمل اور مؤثر تلاشی لی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق متعدد علاقوں میں گھر گھر تلاشی لی گئی جبکہ بعض مقامات پر دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد بھی ضبط کیے گئے۔حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی صرف عام منشیات فروشوں تک محدود نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد پورے نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے، جس میں منشیات کی سپلائی چین، مالیاتی مدد، اور مختلف سطحوں پر سہولت کاری کرنے والے عناصر شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع اننت ناگ میں جاری یہ مہم ایک طویل المدتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد منشیات کے پورے ڈھانچے کو توڑنا ہے۔ حکام کے مطابق اس نیٹ ورک میں شامل ہر سطح کے کردار—چاہے وہ چھوٹے پشیرز ہوں یا بڑے اسمگلرزکو قانون کے دائرے میں لایا جا رہا ہے۔پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ آئندہ دنوں میں مزید کارروائیوں کا امکان ہے، کیونکہ تحقیقات کے دوران نئے نام اور روابط سامنے آ رہے ہیں۔اننت ناگ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف جاری اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق سماج سے اس لعنت کے خاتمے کے لیے عوامی شمولیت نہایت ضروری ہے۔حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع میں منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی سطح پر ملوث عناصر کو بخشا نہیں جائے گا۔ اس دوران یو این ایس کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پولیس نے اتوار کے روز غیر قانونی طور پر کی جانے والی پوست کی کاشت کا سراغ لگا کر دو مختلف مقامات پر اسے موقع پر ہی تباہ کر دیا اور متعلقہ افراد کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔حکام کے مطابق پولیس اسٹیشن پہلگام نے مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے برن پاتھ علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں محمد ابراہیم بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکنہ صوفی پورہ کو تقریباً 17 مرلہ زمین پر غیر قانونی پوست کی کاشت کرتے ہوئے پایا گیا۔ پولیس نے موقع پر ہی فصل کو تلف کر دیا اور ایف آئی آر نمبر 40/2026 سیکشن 8/18 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کر لی گئی۔ایک اور کارروائی میں پولیس اسٹیشن ماتن نے بیٹ افسر کی تحریری اطلاع پر گولپورہ خورد علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں محمد حسین خان عرف آزاد ولد محمد افضل خان کو اپنے باغ میں پوست کی کاشت میں ملوث پایا گیا۔ پولیس نے اس فصل کو بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا اور ایف آئی آر نمبر 52/2026 درج کر لی گئی۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف یہ مہم مزید سخت کی جا رہی ہے اور ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی کاشت یا اس کے کاروبار سے متعلق کسی بھی معلومات کو فوری طور پر پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اس سماجی برائی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔










