موبائل میڈیکل یونٹوں کے ذریعے آخری فرد تک معیاری طبی سہولیات پہنچانے کی ہدایت
پونچھ//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے مینڈھر کے مختلف علاقوں سے آئے متعدد وفود سے ملاقات کی تاکہ ان کی شکایات، مطالبات اور ترقیاتی مسائل سن سکیں۔مقامی لوگوں نے فارسٹ رائٹس ایکٹ کے دعوؤں کا تصفیہ، مقامی سکولوں میں موبائل ٹیچرز کی تعیناتی، سڑکوں کی میکڈیمائزیشن اور علاقے میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت متعدد مسائل اْٹھائے ۔لوگوںنے وزیر سے مطالبہ کیا کہ فارسٹ رائٹس ایکٹ کے طویل عرصے سے زیر اِلتوأ معاملات کو جلد حل کیا جائے اور قبائلی و جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے کمیونٹیوںکو ان کے جائز حقوق مزید تاخیر کے بغیر فراہم کئے جائیں۔ اُنہوں نے تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لئے موبائل ٹیچرز کی تعیناتی اور سڑکوں و سٹریٹ لائٹنگ کے نظام کو بہتر بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔وزیرموصوف نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالے کو یقینی بنائیں اور اس مقصد کے لئے وقت مقررہ کے تحت فالو اَپ نظام وضع کیا جائے تاکہ کوئی بھی مسئلہ نظر انداز نہ ہو۔اُنہوں نے مینڈھر اور ملحقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف محکموں میں کاموں کی رفتار اور معیار کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام جاری کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں اور کسی بھی مرحلے پر معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی سرمایہ لوگوں کے لئے دیرپا اور عملی نتائج میں تبدیل ہونا چاہیے۔وزیر موصوف نے موبائل میڈیکل یونٹوں (ایم ایم یوز) کے کام کاج کا بھی جائزہ لیاجنہیں قبائلی کمیونٹیوں اور دُور دراز علاقوں کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر تشخیصی اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ دُور اُفتادہ علاقوں میں رہنے والی قبائلی اور خانہ بدوش آبادی کو بغیر کسی دشواری کے تمام ضروری طبی سہولیات اور معیاری صحت خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔اُنہوںنے کہا کہ ایم ایم یو اَقدام جامع طبی خدمات کی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم اور جغرافیائی طور پر دشوار گزار و سماجی و اِقتصادی لحاظ سے پسماندہ علاقوں میں صحت خدمات کو مضبوط بنانے کی سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔وزیر جاوید رانا نے مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایک بار پھر عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے تمام خطوںبالخصوص سرحدی اور پسماندہ علاقوں کی مساوی اور جامع ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے اور فلاحی و ترقیاتی سکیموں کے فوائد ہر مستحق گھرانے تک پہنچانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’ہماری حکومت کا عزم ہے کہ ترقی ہر گھر تک پہنچے، چاہے وہ علاقہ کتنا ہی دور دراز کیوں نہ ہو۔ ہماری توجہ قابلِ اعتماد پینے کے پانی، بہتر آبپاشی سہولیات، مضبوط رابطہ نظام اور دُور اُفتادہ علاقوں کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ضروری تمام بنیادی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا کر لوگوں کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنانے پر ہے۔‘‘پروگرام میں متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، مقامی عوامی نمائندے اور مینڈھر و ملحقہ علاقوں کے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔










