حکومت جموںوکشمیر کے دُور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی رسائی بڑھانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ سکینہ اِیتو

حکومت جموںوکشمیر کے دُور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی رسائی بڑھانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ سکینہ اِیتو

گورنمنٹ ڈِگری کالج مجالٹا کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا اِفتتاح کیا

اودھمپور(مجالٹا)//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتونے ضلع اودھمپور میں گورنمنٹ ڈِگری کالج مجالٹا کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا اِفتتاح کیا جس پر طلبأ اور مقامی لوگوں نے زبردست خیرمقدم اور خوشی کا اِظہار کیا۔اِس موقعہ پرممبر اسمبلی اودھمپور ایسٹ رنبیر سنگھ پٹھانیہ ، کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم رام نواس شرما،ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور منگا شیرپا، ڈائریکٹر سکولی تعلیم جموں، ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، کالج کے پرنسپل، فیکلٹی ممبران، بڑی تعداد میں طلبأ اور مقامی لوگ بھی موجود تھے۔ وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے اَپنے خطاب میں کالج کمیونٹی اور مقامی کمیونٹی کو مستقل کیمپس عمارت کی کامیاب تکمیل پر مُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے دُور دراز علاقوں میں رہنے والے طالب علموں کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔اُنہوں نے منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے تعلیمی اِداروں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے اِستعمال کے خلاف بیداری پھیلانے میں فعال کردار اَدا کریں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں اور انہیں مثبت، تخلیقی اور سماجی ذمہ دارانہ کاموں کی طرف رہنمائی فراہم کی جانی چاہیے۔وزیر موصوفہ نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ منشیات اور دیگر مضر عادات سے دور رہیں کیوں کہ نشہ نہ صرف فرد کی زندگی تباہ کرتا ہے بلکہ کنبوں اور معاشرے کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ منشیات کی ناسور سے نمٹنے کے لئے کونسلنگ، بیداری مہمات، کھیلوں کی سرگرمیوں اور عوامی شمولیت اِنتہائی ضروری ہیں۔اُنہوںنے مزید کہا کہ تعلیمی اِدارے اخلاقی رہنمائی اور نظم و ضبط کے مراکز ہوتے ہیں اور نوجوانوں کو تعلیم، کردار سازی اور قوم کی تعمیر کی جانب راغب کرنے میں ان کا اہم کردار ہے۔
سکینہ اِیتو نے کہا کہ اس مستقل کالج عمارت کا اِفتتاح گورنمنٹ ڈِگری کالج مجالٹا کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے اور جموں و کشمیر کے دُور دراز علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کو مستحکم کرنے کے لئے حکومت کے اِجتماعی عزم کا ثبوت ہے۔ممبر اسمبلی اودھمپور ایسٹ رنبیر سنگھ پٹھانیہ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کالج اِنتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی اور حلقے میں تعلیمی ترقی کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے معیاری اعلیٰ تعلیم، نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور دیہی تعلیمی اِداروں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔پرنسپل ڈاکٹر شالنی شرما نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں گورنمنٹ ڈِگری کالج مجالٹا کی کامیابیوں، تعلیمی پیش رفت اور ترقیاتی سفرکو اُجاگر کرتے ہوئے ایک تفصیلی رِپورٹ پیش کی۔ اُنہوں نے خطے میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ نئی اِفتتاحی عمارت ایک جدید تعلیمی ماحول فراہم کرے گی اور دُور دراز اور دیہی علاقوں کے طالب علموںکو بہت فائدہ پہنچے گا۔اِس موقعہ پر وزیرتعلیم سکینہ اِیتو نے کالج نیوز لیٹر بھی جاری کیا۔اِس سے قبل سکینہ اِیتو نے کالج احاطے میں ایک پودا بھی لگایا جو ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔ اُنہوں نے کیمپس کا معائینہ بھی کیا اور طلبأ کے لئے قائم بنیادی سہولیات کو سراہا۔دورانِ پروگرام کالج کے طالب علموںنے’ نشہ مُکت بھارت ابھیان‘ پر ثقافتی پرفارمنس اور نکڑ ناٹک پیش کیا۔