سپیکر قانون ساز اسمبلی نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کریمشور میں جدید طبی سہولیات کا اِفتتاح کیا

بڈگام//سپیکر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) کریمشور میں نئی قائم کردہ طبی سہولیات کا اِفتتاح کیا۔نئی اِفتتاحی سہولیات میں ایک مخصوص ہاٹ لائن سروس، الٹرا سونوگرافی (یو ایس جی) مشین اور جدید ڈینٹل چیئر شامل ہیںجن کا مقصد مقامی آبادی کو بہتر رَسائی، جدید تشخیصی سہولیات اور معیاری طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔اِس موقعہ پر سپیکر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نچلی سطح پر صحت سہولیات کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں طبی بنیادی ڈھانچے کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ بروقت تشخیص، بہتر علاج کی سہولیات اور بڑے ہسپتالوں پر انحصار کم کیا جا سکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کریمشور میں جدید تشخیصی اور دانتوں کی سہولیات کی فراہمی سے کریمشور اور ملحقہ علاقوں کے مریضوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔اِفتتاح کی گئی ہاٹ لائن سروس مریضوں کی بہتر رہنمائی اور صحت کی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرے گی۔ الٹرا سونوگرافی مشین کی تنصیب سے تشخیصی خدمات میں نمایاں بہتری آئے گی جس سے بالخصوص حاملہ خواتین، معمروبزرگ اَفراد اور فوری امیجنگ کی ضرورت رکھنے والے مریض مستفید ہوں گے۔ اِسی طرح نئی نصب شدہ ڈینٹل چیئر مقامی سطح پر دندان سازی کی خصوصی خدمات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور مریضوں کو دُور دراز سفر کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔دورانِ پروگرام محکمہ صحت کے افسران نے معززین کو اِدارے کی کارکردگی اور صحت خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لئے جاری اَقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔سپیکرعبدالرحیم راتھر نے محکمہ صحت اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف چیلنجوںکے باوجود عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا قابلِ تحسین ہے۔اُنہوںنے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور مقامی عوام سے بھی ملاقات کی اور طبی عملے پر زور دیا کہ وہ ہمدردی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مریض دوست روئیے کے ساتھ اَپنی خدمات اَنجام دیتے رہیں۔یہ اِفتتاح صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور عوام کے تمام طبقات کو آسان، معیاری اور سستی طبی خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔مقامی نمائندوں اورکمیونٹی ممبران نے علاقے میں صحت سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے پر حکومت کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ ان نئی خدمات سے مریضوں کی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی اور سرکاری طبی اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔تقریب میں چیف میڈیکل آفیسر بڈگام، ایس اِی پی ڈِی ڈِی، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈِی ڈِی بڈگام، بی ایم او خانصاحب، محکمہ صحت کے اَفسران، ضلعی اِنتظامیہ کے حکام، طبی عملہ اور علاقے کے سرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔