لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں’ نیشنل یوتھ فیسٹول آروہن ۔2026‘کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں’ نیشنل یوتھ فیسٹول آروہن ۔2026‘کا اِفتتاح کیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج سری نگر میں’ نیشنل یوتھ فیسٹول آروہن 2026‘ کا اِفتتاح کیا۔اُنہوںنے کہا کہ اس تقریب کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کے لئے ’اُٹھو، آگے بڑھو اور فتح کرو‘کا نیا ویژن پیش کیا جاتا ہے جو ایک مکمل فلسفہ کو سمائے ہوئے ہے جو مستقبل کی راہیں روشن کرتا ہے، ایک وعدہ اور 2047 میں ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے لئے ایک جرأت مندانہ چیلنج ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ نیشنل یوتھ فیسٹول اس بات کا بھی اعلان ہے کہ اَب وقت نوجوانوں کا ہے۔ یوتھ فیسٹول کے ’ینگ لیڈرز ڈائیلاگ‘کے ذریعے ہم وہ بنیاد اور فریم ورک قائم کر رہے ہیں جس پر ہندوستان کی شاندار وراثت کا اگلا باب بلند ہوگا۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ تاریخ ان لوگوں نے کبھی نہیں بنائی جو غیر معمولی بننے کے لئے اجازت کے منتظر رہے۔ اُنہوں نے ’وِکست جموں و کشمیر ینگ لیڈرز ڈائیلاگ‘، ’ہیکتھون‘ اور ’ثقافتی پروگرام‘ میں شرکت کرنے والے نوجوانوں پرزور دیا کہ وہ اٹھیں اور ایک ایسے ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا عہد کریں جس پر آنے والی نسلیں فخر کریں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ ہر نوجوان لڑکے اور لڑکی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے،ا نہیں صرف مواقع اور خود پر یقین کی ضرورت ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہندوستان کے نوجوان اَپنی راہیں خود بنائیں بجائے کہ قدیمی راستوں پر چلیں کیوں کہ جدت اور اختراع غیر معلوم راستوں سے پیدا ہوتی ہے۔ ہندوستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو پہلے سے بنے ہوئے سانچوں کو توڑنے کی ہمت رکھتے ہوں۔‘‘اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ثقافت ہماری شناخت ہے اور یہ ہمارے وجود کا ایک زندہ ثبوت ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہم کون ہیں اور کون سے خواب اور امنگیں ہمیں آگے بڑھاتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جب نوجوان موسیقی، فن، ادب، رقص، تھیٹر، کھیل اور دستکاری کے ذریعے اَپنے آپ کو ظاہر کرتے ہیں تو وہ ہندوستان کی روح کی ترجمانی کر رہے ہوتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کو دوسروں کی نقل کرنے کی بجائے اپنی اِنفرادیت کو اپنانا چاہیے اور اپنَی پوری صلاحیتوں کو پہچاننا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ فتح دوسروں پر غلبہ حاصل کرنے میں نہیں ہے بلکہ بے حسی پر قابو پانے، عدم مساوات پر قابو پانے اور مایوسی کو شکست دینے میں ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ اِنسانیت کی سب سے بڑی کامیابیاں میدانِ جنگ میں نہیں بلکہ کلاس روموں اور لیبارٹریوں میں حاصل ہوئیں جہاں نوجوانوں نے دنیا کو بدلنے کا عزم کیا۔‘‘اِس موقعہ پر وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ پاور اشونی کمار، کمشنر سیکرٹری اَمورِ نوجوان وکھیل کود ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگراَکشے لابرو، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز و سپورٹس انورادھا گپتا، ملک کے مختلف حصوں سے آئے نوجوان قائدین، سینئر اَفسران اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔