پہلگام حملے کے بعد دشمن کو مؤثر جواب دینے والی افواج کو خراجِ عقیدت// منوج سنہا
سرینگر//یو این ایس//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر بھارتی مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی اس عزم کا واضح اعلان ہے کہ بھارت کی بہادر افواج ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن سندور بھارت کے مضبوط قومی عزم اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل پالیسی کا ایک واضح ثبوت ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا،’’آپریشن سندور اس عزم کی ایک مضبوط تحریر ہے کہ ہماری بہادر مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جانے کے لیے تیار ہیں۔ یہ بھارت کے پختہ ارادے کی علامت ہے اور ہم دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے اور جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک بنانے کے لیے پْرعزم ہیں۔‘‘منوج سنہا نے کہا کہ آپریشن سندور کی برسی پر پوری قوم اْن مرد و خواتین کو احترام کے ساتھ سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے پہلگام میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دشمن کو مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی غیر متزلزل ہمت، قربانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت نے نہ صرف ملک کی سلامتی کو مضبوط بنایا بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مزید مستحکم کیا۔واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں 26 افراد، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے، ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد بھارت نے 7 مئی 2025 کو ’’آپریشن سندور‘‘ کا آغاز کیا تھا، جس کے دوران پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں موجود نو مبینہ دہشت گرد مراکز کو فضائی حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔اس کارروائی کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا اور پاکستان کی جانب سے جوابی حملوں کی کوششیں بھی کی گئی تھیں، تاہم بھارتی فوج نے ان میں سے بیشتر کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔بعد ازاں 10 مئی کو دونوں ممالک کے فوجی حکام کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے کے بعد فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔










