farooq abdullah

انتخابی جھٹکوں کے باوجود انڈیا اتحاد متحد ہے// ڈاکٹر فاروق

اتحاد میں کسی قسم کی دراڑ نہیں،سپرئم کورٹ سے انصاف ملنے کی امید

سرینگر//یو این ایس//نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابی نتائج اور سیاسی جھٹکوں کے باوجود اپوزیشن اتحاد ’’انڈیا بلاک‘‘ مکمل طور پر متحد ہے اور اس کے اندر کسی قسم کی دراڑ یا اختلافات موجود نہیں ہیں۔جمعرات کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اتحاد کے حوالے سے گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام اتحادی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور ملک کے سیاسی مستقبل سے متعلق مشترکہ حکمتِ عملی پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا،’’ہم سب ایک ساتھ ہیں۔ انڈیا بلاک میں کسی قسم کی تقسیم یا اختلاف نہیں ہے۔‘‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز قیادت نے حالیہ اجلاس میں اتحاد کے اندر بین الجماعتی رابطے اور تال میل کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی غور و خوض کیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حالیہ انتخابی پیش رفت اور اپوزیشن اتحاد کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق وزیر اعلیٰ نے انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں پر بھی شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے بعض حلقوں پر ’’ووٹ چوری‘‘ کا الزام عائد کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاملہ بالآخر عدالت عظمیٰ تک پہنچے گا اور وہاں شفاف اور منصفانہ فیصلہ سامنے آئے گا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ انتخابی نتائج کے بعد اپوزیشن اتحاد کے مستقبل اور اس کی اندرونی یکجہتی پر مختلف سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تمام جماعتیں اب بھی متحد ہیں اور مشترکہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ایک ساتھ کام کر رہی ہیں۔