نیشنل کانفرنس میں کوئی اندرونی اختلاف نہیں

نیشنل کانفرنس میں کوئی اندرونی اختلاف نہیں

مخالفین خوفزدہ ہوکر افواہیں پھیلا رہے ہیں//تنویر صادق

سرینگر//یو این ایس//نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان اور زڈی بل سے رکن اسمبلی تنویر صادق نے پارٹی کے اندر اختلافات اور ناراضگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ صوبائی اجلاس ایک معمول کی تنظیمی سرگرمی تھا اور پارٹی مکمل طور پر متحد ہے۔کشمیر صوبائی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ اس نوعیت کے اجلاس ہر ماہ منعقد ہوتے ہیں اور حالیہ میٹنگ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس اس لحاظ سے اہم تھا کیونکہ داربار موو کی منتقلی کے بعد یہ پہلا بڑا تنظیمی اجلاس تھا، جس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔تنویر صادق نے کہا،’’اجلاس میں جموں و کشمیر، خاص طور پر وادی کشمیر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔‘‘انہوں نے پارٹی اراکین اسمبلی کی ناراضگی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب مخالفین کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہیں ہیں۔انہوں نے کہا،’’نیشنل کانفرنس کا نہ کوئی رکن ناراض ہے اور نہ ہی کوئی کارکن مایوس ہے۔ ہمارے مخالفین یا تو خوفزدہ ہیں یا ان کے پاس عوام کے سامنے رکھنے کے لیے کوئی مثبت ایجنڈا نہیں، اس لیے وہ افواہیں پھیلا رہے ہیں۔‘‘این سی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پارٹی مضبوط اور متحد ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔سیاسی حلقوں میں حالیہ دنوں یہ قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں کہ نیشنل کانفرنس کے بعض اراکین اسمبلی پارٹی قیادت سے ناراض ہیں، تاہم تنویر صادق کے تازہ بیان کو ان خبروں کی واضح تردید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔