وزیر اعلیٰ نے بجٹ کے اعلانات اور کلیدی اقدامات کے نفاذ کی صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ کی صدارت کی

وزیر اعلیٰ نے بجٹ کے اعلانات اور کلیدی اقدامات کے نفاذ کی صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ کی صدارت کی

سرینگر//2026-27 کے دوران نفاذ کے لئے بجٹ کے اعلانات کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ فالو اپ میٹنگ میں بات چیت کے اختتام پر وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں میٹنگوں کے دوسرے دور کی صدارت کی تا کہ بجٹ کے اہم اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جا سکے ۔ میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری ، وزراء سکینہ ایتو ، جاوید رانا ، جاوید ڈار اور ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، انتظامی سیکریٹریز، محکمہ خزانہ کے سینئر افسران ، محکموں کے سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ شروع میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فائنانس مسٹر شلیندر کمار نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی اور مختلف گرانٹس کے تحت محکمہ جات میں بجٹ کے مختلف اعلانات کے ساتھ ساتھ محکموں کی طرف سے کی گئی پیش رفت کی رپورٹ پیش کی ۔ انتظامی سیکریٹریوں نے وزیر اعلیٰ کو اب تک کی پیش رفت اور اپنے متعلقہ محکموں کی جانب سے بجٹ تجاویز پر عمل درآمد کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ میٹنگ کے دوران جن محکموں نے اپنی پیش رفت پیش کی ان میں ریونیو ، صحت اور طبی تعلیم ، سماجی بہبود ، سیاحت ، جنگلات ، محنت و روز گار ، اعلیٰ تعلیم ، دیہی ترقی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، ٹرانسپورٹ ، قبائلی امور ، ڈی ایم آر آر آر ، اسکل ڈیولپمنٹ ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور کواپریٹو شامل ہیں ۔ بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ نے عملدرآمد کو تیز کرنے ، بین الاضلعی رابطوں کو مضبوط بنانے اور ٹائم لائینز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے اعلانات پر حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے جون کے مہینے میں بھی اسی طرح کی مشق دوبارہ کی جائے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام ردِ عمل اور عملدرآمد کے اقدامات کو بروقت انجام دیا جانا چاہئیے ۔ بجٹ کے اعلانات کو زمینی سطح پر ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے نفاذ میں کارکردگی ، شفافیت اور عوامی بہبود کی ضرورت پر زور دیا ۔