ایم پی اسمبلی کی کمیٹی برائے گورنمنٹ ایشورنس نے سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی سے ملاقات کی

سپیکر کا قانون ساز اِداروں کے درمیان بین ریاستی تعاون فروغ دینے پر زور

سری نگر//مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کی کمیٹی برائے گورنمنٹ ایشورنس کے ایک وفد نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا دورہ کیا اور سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر سے ملاقات کی۔سپیکر نے کمیٹی کے وفد کا خیرمقدم کیاجس میں اس کے چیئرمین ہری شنکر کھٹک اور اراکین میں گورو سنگھ پردھی، راجن منڈلوئی، رام نواس ساہا سمیت دیگر سینئر افسران شامل تھے۔اعلیٰ سطحی دورے کا مقصد قانون سازی کے امور اور متعلقہ کمیٹیوں کے طریقۂ کار سے متعلق باہمی تجربات اور معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے نظام کو بہتر طور پر سمجھنا تھا۔یہ دورہ قانون ساز اِداروں کے درمیان بین ریاستی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دورانِ ملاقات وفد کے اراکین نے بہترین طریقوں کا اِشتراک کیا اور یقین دہانی کے عمل کے ذریعے حکومتی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے اِستعمال کئے جانے والے ارتقائی طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کیا۔اِس موقعہ پر سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے حکمرانی میں جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹی برائے گورنمنٹ ایشورنس کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کی کمیٹیوں کے ساتھ روابط ملک بھر میں مختلف قانون ساز نظاموں کو سمجھنے کے لئے نہایت ضروری ہیں۔ اسی باہمی تعاون کے جذبے کے تحت تمام اسمبلیاں ملک کی جمہوری اَقدار کو برقرار رکھنے اور مضبوط کرنے کے لئے مل کر کام کرسکتی ہیں۔ اِس تعامل نے جموں و کشمیر اور مد ھیہ پردیش دونوںکی قانون سازی کی نگرانی کی اِفادیت بڑھانے کے لئے مشترکہ عزم کو اُجاگر کیا۔ متعلقہ کمیٹیاں ایک دوسرے کے طریقۂ کار اور کام کے اندازکا مطالعہ کر کے حکومتی وعدوں کی نگرانی اور ان کی تکمیل کے لئے مزید مضبوط فریم ورک کی کوشش کریں گی۔دورہ کرنے والے وفد نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے کام کاج کو سراہا اور اس دورے کے دوران معلومات اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے پر اطمینان کا اِظہار کیا۔سپیکر موصوف نے اِس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پارلیمانی تبادلے ایک مضبوط اور متحد جمہوری نظام کی بنیاد ہیں۔