وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بجٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیا ، اہم اقدامات کو تیز کرنے پر زور

تمام محکموں کو مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کی ہدایت ،بجٹ اعلانات کو زمینی سطح پر ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے پر زور

سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مالی برس 2026-27 کے بجٹ اعلانات کے بعد سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو فلاحی سکیموں کی بروقت فراہمی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کلیدی بجٹ اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جا سکے۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزرأ سکینہ اِیتو، جاوید رانا، جاوید ڈار اور ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، جل شکتی، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ، پبلک ورکس اور فائنانس کے ایڈیشنل چیف سیکرٹریوں سمیت تمام انتظامی سیکرٹریوں، فائنانس ڈیپارٹمنٹ کے سینئر اَفسران، محکموں کے سربراہان اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فائنانس شیلندر کمار نے ایک جامع پرزنٹیشن دی جس میں مختلف گرانٹس کے تحت محکموں میں بجٹ اعلانات کی موجودہ صورتحال کا ایک تفصیلی جائزہ پیش کیا۔اِنتظامی سیکرٹریوں نے وزیر اعلیٰ کو اَب تک حاصل کی گئی پیش رفت اور بجٹ تجاویز کی عمل آوری میں اَپنے اَپنے محکموں کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دورانِ میٹنگ جن محکموں کا جائز ہ لیا گیا ان میں جنرل ایڈمنسٹریشن، پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ، اِنفارمیشن، سائنس و ٹیکنالوجی، پاور ڈیولپمنٹ، سکول ایجوکیشن، قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور، فائنانس، زرعی پیداوار، خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، کلچر، پبلک ورکس، جل شکتی اور مکانات و شہری ترقی شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے عمل درآمد کو تیز کرنے، بین الاضلاعی تال میل کو مضبوط بنانے اورٹائم لائنز کی سختی سے پابندی یقینی بنانے کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے کارکردگی، شفافیت اور عوامی فلاح پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بجٹ اعلانات کو زمینی سطح پر ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے فنڈنگ اور وسائل کی تقسیم کے حوالے سے تمام علاقوں میں یکساں ترقی پر بھی زور دیا۔وزیراعلیٰ نے ترقی اوربہتر حکمرانی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پیش رفت کی قریب سے نگرانی کریں اور رُکاوٹوں کو دور کریں تاکہ بجٹ سہولیات کے فوائد بروقت عوام تک پہنچ سکیں۔