جموں//دُرگا نگر ویلفیئر کوارڈینیشن کمیٹی نے وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی تا کہ وہاں کے مقامی لوگوں کو درپیش اہم مسائل کو اجاگر کیا جا سکے ۔ وزیر موصوف کو پانی کی بے قاعدگی ، پرائیویٹ واٹر ٹینکرز پر انحصار اور صفائی کی خدمات میں کمی کی وجہ سے مکینوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا ۔ کمیٹی نے یہ بھی درخواست کی کہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) کو ہدایت دی جائے کہ وہ سی پی ایس مٹھی میں ایم یو ۔9 فیڈر کو ضروری خدمات کے فیڈر کے طور پر درجہ بندی کرے ۔ وفد نے وزیر کو یہ بھی بتایا کہ درگا نگر میں ایک لاکھ گیلن پانی کے ذخائیر کی تعمیر کیلئے پہلے کی ہدایات کے مطابق سروے کرایا جا چکا ہے اور 32 لاکھ روپے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔ تا ہم انہوں نے بتایا کہ مطلوبہ فنڈز ابھی تک جاری نہیں کئے گئے ہیں اور اس میں تیزی لانے کیلئے وزیر سے مداخلت کی درخوادت کی ہے ۔ جاوید رانا نے عوام کو درپیش مشکلات کا اعتراف کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ضروری سہولیات ، خاص طور پر پینے کے صاف پانی ، بجلی اور دیگر ضروری اشیاء تک آسان رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اس معاملے کا سنجیدگی سے جائیزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں بالخصوص جل شکتی کو ہدایت دی کہ وہ علاقے میں پانی کی سپلائی کو منظم اور بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔ انہوں نے رساؤ کو روکنے اور مساوی تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ پائپ لائن انفراسٹرکچر کی تشخیص اور اپ گریڈیشن پر بھی زور دیا ۔ وزیر موصوف نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ درگا نگر میں صفائی ستھرائی اور فضلہ کے انتظام کے طریقہ کار کو مضبوط کریں تا کہ صحت عامہ کی حفاظت اور حفظانِ صحت کے معیارات کو برقرار رکھا جا سکے ۔










