پنچایتی انتخابی فہرست 2026 کیلئے رجسٹریشن عمل شروع

18 سال مکمل کرنے والے شہریوں کو اندراج کا موقع، تصحیح، حذف اور منتقلی کی سہولت

سرینگر// یو این ایس//جموں و کشمیر اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پنچایتی انتخابی فہرست 2026 کی تیاری کے لیے ووٹر رجسٹریشن، تصحیح اور نظرثانی کا باضابطہ عمل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یکم اپریل 2026 تک 18 برس کی عمر مکمل کرنے والے تمام اہل شہریوں کو موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ اپنے نام متعلقہ پنچایت الیکٹورل رول میں درج کروا کر جمہوری عمل کا حصہ بنیں۔یو این ایس کے مطابق کمیشن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ انتخابی فہرست کو زیادہ سے زیادہ جامع، درست اور شفاف بنانے کے لیے نہ صرف نئے ووٹرز کا اندراج ضروری ہے بلکہ پہلے سے درج ووٹرز کی تفصیلات کی بروقت تصحیح بھی ناگزیر ہے۔ اسی مقصد کے تحت موجودہ ووٹرز کو اپنے نام، پتے یا دیگر کوائف میں کسی بھی قسم کی غلطی کی اصلاح، ایک حلقہ سے دوسرے حلقہ میں منتقلی (ٹرانسپوزیشن) اور درست وجوہات کی بنیاد پر نام حذف کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس سلسلے میں مختلف اقسام کے فارم متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں فارم پی ای آر-2اے نئے اندراج کے لیے، فارم پی ای آر-2بی نام حذف کرنے کے لیے، فارم پی ای آر-2سی تفصیلات میں تصحیح کے لیے اور فارم پی ای آر-2ڈی ایک پنچایت حلقہ سے دوسرے میں منتقلی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ یہ تمام فارم الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز اور پنچایت الیکشن بوتھ افسران کے دفاتر میں دستیاب ہوں گے، جبکہ انہیں اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ درخواست گزاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مکمل طور پر پْر شدہ فارم متعلقہ پنچایت سیکریٹری یا پی ای بی او کے پاس ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں۔کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ابتدائی مسودہ انتخابی فہرست 27 مارچ 2026 کو شائع کی جائے گی، جس کے بعد عوام کو اپنے دعوے اور اعتراضات پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ یہ مرحلہ 27 مارچ سے 29 اپریل 2026 تک جاری رہے گا۔ موصول ہونے والے دعوؤں اور اعتراضات کا جائزہ لے کر ان کا ازالہ 8 مئی 2026 تک مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد حتمی انتخابی فہرست مئی 2026 کے وسط میں شائع ہونے کی توقع ہے۔یو این ایس کے مطابق وامی سہولت اور آگاہی کے پیش نظر اپریل کے مہینے میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر خصوصی کیمپس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ان کیمپس میں پنچایت الیکشن بوتھ افسران، وی ایل ڈبلیو، ایم پی ڈبلیو اور دیگر متعلقہ عملہ موجود رہے گا تاکہ شہریوں کو موقع پر ہی رجسٹریشن، تصحیح اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کیمپس کے دوران الیکٹورل رول اور تمام ضروری فارم دستیاب ہوں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔الیکشن کمیشن نے عوام، بالخصوص نوجوان ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بروقت اپنا اندراج یقینی بنائیں اور انتخابی عمل کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کمیشن کے مطابق ایک درست اور جامع انتخابی فہرست ہی شفاف اور منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہوتی ہے، لہٰذا شہریوں کا فعال تعاون نہایت اہم ہے۔