جموں//سپیکر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے جموں میں نئے لیجسلیچر کمپلیکس کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقدکی۔ میٹنگ میں سیکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اچل سیٹھی، اِنجینئر اِن چیف پُرشوتم کمار، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں راجیش کمار، سیکرٹری جے اینڈ کے لیجسلیٹو اسمبلی منوج کمار پنڈتا، ڈائریکٹرفائنانس پی ڈبلیو ڈِی ایچ کے پرشر، ایس اِی آر اینڈ بی ساؤتھ سرکل جموں اریت گپتا سمیت متعلقہ محکموں اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔میٹنگ میں نئے اسمبلی کمپلیکس کی جلد تکمیل سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جن میںسینٹرل ہال، کمیٹی کم میٹنگ رومز، نشستوں کی گنجائش، لائبریری اور میڈیا روم کی سہولیات شامل تھیں۔پروجیکٹ کے اِنچارج ایگزیکٹیو اِنجینئر نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے پروجیکٹ کی تکمیل کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔سپیکر کو بتایا گیا کہ سینٹرل ہال اس منصوبے کا بنیادی حصہ ہے کیوں کہ یہ قانون ساز اسمبلی کی ایک اہم ضرورت ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 50 سے 100 نشستوں کی گنجائش والے پانچ کمیٹی کم میٹنگ رومز کی بھی تجویز شامل ہے۔لائبریری اور میڈیا روم کے لئے جگہ کے بارے میںبتایا گیا کہ دونوں ضروریات کے لئے کافی جگہ موجود ہے۔ سپیکر موصوف نے اسمبلی کمپلیکس کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔










